
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں 2026 کے پہلے چھ ماہ کے دوران ایس یو ویز (SUVs) سب سے زیادہ پسند کی جانے والی گاڑیاں رہیں، جبکہ خریداروں نے کشادہ، خاندانی استعمال کے لیے موزوں، آرام دہ اور بہتر ری سیل ویلیو رکھنے والی گاڑیوں کو ترجیح دی۔
آن لائن آٹو مارکیٹ پلیس dubizzle کے اعداد و شمار کے مطابق جنوری سے جون 2026 کے دوران ٹویوٹا کی ایس یو ویز کو 1 کروڑ 4 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا گیا، جبکہ نسان 86 لاکھ ویوز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔ لینڈ روور 72 لاکھ، مرسڈیز بینز 60 لاکھ اور بی ایم ڈبلیو تقریباً 35 لاکھ ویوز کے ساتھ فہرست میں شامل رہیں۔
انفرادی ماڈلز میں نسان پیٹرول سب سے زیادہ مقبول رہی، جسے 41 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا گیا۔ اس کے بعد ٹویوٹا لینڈ کروزر، مرسڈیز بینز جی کلاس، رینج روور اور لینڈ روور ڈیفنڈر خریداروں کی توجہ کا مرکز بنے۔
رپورٹ کے مطابق یو اے ای میں خریدار ایسی گاڑیوں کو ترجیح دے رہے ہیں جو روزمرہ سفر کے ساتھ طویل فاصلے، خاندانی ضروریات اور آؤٹ ڈور سرگرمیوں کے لیے بھی موزوں ہوں۔
dubizzle Cars کے سیلز ڈائریکٹر کے مطابق نسان پیٹرول اور ٹویوٹا لینڈ کروزر اپنی مضبوط کارکردگی، کشادہ کیبن، قابل اعتماد معیار اور بہتر ری سیل ویلیو کی وجہ سے خاندانوں اور انفرادی خریداروں دونوں کی پسندیدہ گاڑیاں بنی ہوئی ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مرسڈیز بینز جی کلاس، رینج روور اور لینڈ روور ڈیفنڈر جیسی لگژری ایس یو ویز کی مقبولیت ظاہر کرتی ہے کہ جدید ٹیکنالوجی، آرام اور اعلیٰ کارکردگی والی گاڑیوں کی طلب بھی مسلسل برقرار ہے۔







