متحدہ عرب امارات

ابوظبی پولیس کا نئے تعلیمی سال کے آغاز پر طلبہ کے تحفظ کے لیے جامع پلان

خلیج اردو
ابوظبی پولیس نے موسم گرما کی تعطیلات کے بعد نئے تعلیمی سال 2026-27 کے آغاز پر طلبہ کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے جامع منصوبہ تیار کرلیا۔

منصوبے میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے ساتھ طلبہ کو سائبر کرائم، آن لائن ہراسانی، بلیک میلنگ اور منشیات کے خطرات سے آگاہ کرنا بھی شامل ہے۔

ابوظبی پولیس کے مطابق اسکول کھلنے کے پہلے روز ٹریفک گشت کرنے والی ٹیمیں اور ٹریفک کنٹرولرز اہم چوراہوں، اندرونی و بیرونی سڑکوں اور اسکولوں کے اطراف تعینات ہوں گے۔ اہلکار ٹریفک کی روانی بہتر بنانے، اسکول بسوں کی آمدورفت میں سہولت دینے اور رش کے اوقات میں ٹریفک کو منظم کرنے کے ساتھ پیدل گزرگاہوں کی نگرانی بھی کریں گے۔

طلبہ کو گاڑیوں اور اسکول بسوں سے اترنے کے بعد محفوظ طریقے سے اسکول کے دروازوں تک پہنچانے کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

پولیس کے کرمنل سیکیورٹی سیکٹر نے طلبہ، اساتذہ، انتظامی عملے اور والدین کے لیے آگاہی پروگرام بھی ترتیب دیے ہیں۔ ان پروگرامز میں منشیات کے نقصانات، سائبر کرائم، آن لائن ہراسانی، سائبر بلیک میلنگ، مثبت شہری رویوں اور سیکیورٹی سے متعلق آگاہی شامل ہے۔

ابوظبی پولیس نے کہا ہے کہ طلبہ کا تحفظ مشترکہ ذمہ داری ہے جس کے لیے والدین، اسکول انتظامیہ، ڈرائیورز اور معاشرے کے تمام افراد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button