متحدہ عرب امارات

2026 کے باقی مہینوں میں یو اے ای کے رہائشیوں کے لیے دو تعطیلات، نیا میوزیم اور کئی بڑی تبدیلیاں

خلیج اردو
2026 کا نصف سال گزرنے کے بعد بھی متحدہ عرب امارات کے رہائشیوں کے لیے سال کے باقی مہینوں میں کئی اہم تبدیلیاں اور نئے مواقع منتظر ہیں، جن میں نئی ٹرین اسٹیشنز، سرکاری تعطیلات، نیا میوزیم اور سیاحتی سہولیات شامل ہیں۔

اتحاد ریل کی مسافر ٹرین سروس میں توسیع کے تحت رواں سال مزید سات اسٹیشنز کھولے جائیں گے۔ دبئی اور الذید اسٹیشنز 30 ستمبر جبکہ زاید سٹی اور لیوا اسٹیشنز 30 نومبر کو کھولنے کا شیڈول ہے۔ الصیلع، الظنہ اور المرفا اسٹیشنز 20 دسمبر کو کھولے جائیں گے۔

2026 میں رہائشیوں کو مزید دو سرکاری تعطیلات بھی ملیں گی۔ نبی کریم ﷺ کی ولادت باسعادت کے موقع پر تعطیل 25 یا 26 اگست کو متوقع ہے جبکہ یو اے ای کا 55واں عید الاتحاد 2 دسمبر کو منایا جائے گا۔ تاریخوں میں تبدیلی کی صورت میں دونوں مواقع پر طویل ویک اینڈ بھی بن سکتا ہے۔

ابوظبی کے سعدیات کلچرل ڈسٹرکٹ میں گوگن ہائم میوزیم بھی 11 دسمبر 2026 کو کھولنے کی تیاری ہے۔ معروف ماہرِ تعمیرات فرینک گیری کے ڈیزائن کردہ میوزیم کے افتتاح سے ابوظبی کے ثقافتی منظرنامے میں مزید وسعت آئے گی۔

دبئی میں Dubai Invite پروگرام کے تحت رہائشی اپنے اہل خانہ اور دوستوں کو دبئی آنے کی دعوت دے کر 3 ہزار درہم سے زیادہ کی ہوٹل اور ڈائننگ رعایتیں حاصل کرسکتے ہیں۔ یہ پروگرام 31 اکتوبر تک جاری رہے گا جبکہ مراعات 31 دسمبر 2026 تک استعمال کی جاسکیں گی۔

اس کے علاوہ کم از کم تین سال سے مؤثر یو اے ای رہائشی اجازت نامہ رکھنے والے افراد یکم اکتوبر تک براہ راست یو اے ای سے مونٹی نیگرو کا سفر ویزا حاصل کیے بغیر کرسکتے ہیں۔ یہ سہولت عارضی ہے اور دیگر ممالک کے راستے مونٹی نیگرو پہنچنے والوں پر لاگو نہیں ہوتی۔

ابوظبی کے وارنر برادرز ورلڈ یاس آئی لینڈ میں Kryptonite Collider نامی نئی رائیڈ بھی متعارف کرادی گئی ہے۔ یہ 2018 میں پارک کے افتتاح کے بعد پہلی نئی مستقل سواری ہے جبکہ 2028 میں Superman Up and Away فلائنگ رولر کوسٹر بھی متعارف کرانے کا منصوبہ ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button