متحدہ عرب امارات

متعدد ممالک کی فضائی حدود بند، یو اے ای کی ایئرلائنز نے 9 مقامات کیلئے پروازیں معطل کر دیں

خلیج اردو
دبئی: اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اچانک شدت آنے کے بعد متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنیوں نے ایران، عراق، اردن اور لبنان سمیت مشرق وسطیٰ اور قفقاز خطے کے نو ممالک کیلئے پروازیں معطل یا منسوخ کر دی ہیں۔ کئی ممالک کی جانب سے فضائی حدود بند کیے جانے کے باعث دبئی، ابوظہبی اور شارجہ سے روانہ یا وہاں آنے والی درجنوں پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔

دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی ویب سائٹ پر جمعے کے روز درجنوں پروازوں کی روانگی و آمد منسوخ ظاہر کی گئی۔ متاثرہ مقامات میں ایران، روس، آذربائیجان، جارجیا، عراق، اردن، لبنان اور اسرائیل شامل ہیں۔ flydubai، Emirates اور Etihad کی ایران کے مختلف شہروں مثلاً تہران، شیراز، لار، کیش آئی لینڈ اور بندر عباس کیلئے پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ ان شہروں سے دبئی واپس آنے والی پروازیں بھی معطل کر دی گئیں۔

اسی طرح بغداد اور بصرہ (عراق)، عمان (اردن) اور بیروت (لبنان) کی پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔ دبئی ایئرپورٹ حکام کے مطابق ایران، عراق اور شام کی فضائی حدود کی بندش کے باعث دبئی انٹرنیشنل اور المکتوم ایئرپورٹس پر متعدد پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہیں۔

ایرانی جوابی حملے کے بعد احتیاطی تدابیر
یہ پیش رفت اسرائیل کی جانب سے ایران پر ’رائزنگ لائن‘ کے نام سے کوڈنامڈ فضائی حملوں کے بعد ہوئی، جن میں ایران کے حساس مقامات، میزائل فیکٹریوں اور جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں میں کئی اعلیٰ ایرانی کمانڈرز شہید ہوئے، جس کے بعد ایران نے سخت جواب دینے کا اعلان کیا اور اسرائیل پر 100 سے زائد ڈرونز داغے۔

متاثرہ پروازوں کی تفصیل
اتحاد ایئرلائنز (Etihad)

  • ابوظہبی سے تل ابیب (EY595, EY593, EY597) – منسوخ

  • تل ابیب سے ابوظہبی (EY596, EY594, EY598) – منسوخ

  • عمان سے ابوظہبی (EY590) – تاخیر متوقع

ایمرٹس ایئرلائن (Emirates)
13 جون:

  • بغداد، بصرہ، تہران، عمان، بیروت کیلئے تمام پروازیں منسوخ
    14 جون:

  • تہران، بغداد، بصرہ کیلئے پروازیں دوبارہ منسوخ

فلائی دبئی (flydubai)
ایران، اسرائیل، عمان، بیروت، دمشق کیلئے پروازیں معطل، متعدد پروازیں منسوخ، واپسی یا متبادل راستوں پر موڑ دی گئیں۔

ایئرعریبیہ (Air Arabia)
ایران، عراق، اردن، روس، آرمینیا، ازبکستان، آذربائیجان، جارجیا اور قازقستان کیلئے پروازیں عارضی طور پر منسوخ کر دی گئیں۔ مزید پروازیں بھی تاخیر یا متبادل راستوں کا شکار ہو سکتی ہیں۔

ایئرلائنز نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ روانگی سے قبل اپنی پروازوں کی تازہ ترین صورتحال معلوم کریں اور ری بکنگ کے آپشنز کیلئے متعلقہ ایئرلائنز سے رابطہ کریں۔ تمام متاثرہ مسافروں کی معاونت کے لیے ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button