
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی وزارتِ خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ 29 جون 2026 سے اماراتی شہریوں کو لبنان سفر کی اجازت دے دی گئی ہے۔ تاہم وزارت نے واضح کیا ہے کہ سفر صرف مقررہ شرائط کی پابندی کے ساتھ ہی ممکن ہوگا۔
وزارتِ خارجہ کے مطابق روانگی سے قبل تواجدی سروس پر رجسٹریشن کرانا لازمی ہوگا۔ رجسٹریشن کے بغیر کسی بھی اماراتی شہری کو متحدہ عرب امارات کے ہوائی اڈوں سے روانگی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ ہدایات پر عمل نہ کرنے کی صورت میں سفر میں تاخیر یا قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ وزارت نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ لبنان سے واپسی کے بعد بھی مسافر اسی تواجدی پلیٹ فارم کے ذریعے اپنی واپسی کی اطلاع دیں۔
یہ فیصلہ 30 اپریل کو جاری کی گئی اس سفری ہدایت کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں خطے کی صورتحال کے پیشِ نظر اماراتی شہریوں کے ایران، لبنان اور عراق جانے پر پابندیاں عائد کی گئی تھیں، جبکہ ان ممالک میں موجود شہریوں کو احتیاطاً جلد وطن واپس آنے کی ہدایت دی گئی تھی۔
وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ یہ اقدام بیرونِ ملک موجود اماراتی شہریوں کی حفاظت اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کی پالیسی کا حصہ ہے، اور تمام شہریوں پر لازم ہے کہ وہ وزارت کی جاری کردہ سفری ہدایات پر مکمل عمل کریں۔







