
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں سرکاری ملازمین کیلئے عیدالاضحیٰ 2026 کی تعطیلات کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے تحت وفاقی حکومت کے ملازمین کو 25 مئی سے 29 مئی تک پانچ دن کی چھٹیاں دی جائیں گی۔
فیڈرل اتھارٹی فار گورنمنٹ ہیومن ریسورسز کے مطابق اگر ہفتہ اور اتوار کی عام تعطیلات شامل کر لی جائیں تو ملازمین کو مجموعی طور پر نو دن کا طویل وقفہ مل سکتا ہے، جبکہ دفتر دوبارہ یکم جون کو کھلیں گے۔
اعلان کے مطابق شارجہ حکومت کے ملازمین کو اس بار زیادہ طویل چھٹیاں ملیں گی، جہاں چار دن کے ورک ویک اور تین دن کے ویک اینڈ کے باعث یہ وقفہ دس دن تک جا سکتا ہے۔
چاند دیکھنے کی کمیٹی 17 مئی کو ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کیلئے اجلاس کرے گی، جبکہ فلکیاتی اندازوں کے مطابق ذوالحجہ 18 مئی سے شروع ہونے کا امکان ہے۔
یوم عرفہ 26 مئی کو جبکہ عیدالاضحیٰ 27 مئی 2026 کو ہونے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے، تاہم حتمی تاریخ کا اعلان رویتِ ہلال کے بعد کیا جائے گا۔
ذوالحجہ اسلامی کیلنڈر کا آخری اور مقدس مہینہ ہے جس میں حج کی ادائیگی اور عیدالاضحیٰ کی عبادات انجام دی جاتی ہیں، جبکہ لاکھوں مسلمان حج کیلئے مکہ مکرمہ کا رخ کرتے ہیں۔
فلکیاتی ماہرین کے مطابق اگر چاند 17 مئی کو نظر آ گیا تو ذوالحجہ 18 مئی سے شروع ہوگا، بصورت دیگر 19 مئی سے آغاز ہوگا، جس سے تمام اہم اسلامی تاریخیں متاثر ہوں گی۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ تمام حتمی فیصلے رویتِ ہلال کے مطابق کیے جائیں گے، اور سرکاری تعطیلات اسی اعلان کی بنیاد پر نافذ ہوں گی۔







