
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات نے قطر کے سابق امیر اور موجودہ امیرِ قطر کے والد شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر چار روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کر دیا ہے۔
اماراتی صدارتی عدالت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اتوار 12 جولائی سے بدھ 15 جولائی تک ملک بھر کے تمام سرکاری اداروں، سفارت خانوں اور بیرونِ ملک اماراتی سفارتی مشنز پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
بیان میں آل ثانی خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی گئی۔
دوسری جانب کویت نے بھی چار روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا ہے۔ کویتی امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کی ہدایت پر ملک بھر اور بیرونِ ملک کویتی سفارت خانوں میں قومی پرچم سرنگوں رکھا جائے گا۔
قطر نے بھی شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر چار روزہ عوامی سوگ کا اعلان کیا ہے۔ امیری دیوان کے مطابق پیر 13 جولائی سے وزارتوں، سرکاری اداروں اور دیگر سرکاری دفاتر میں تعطیل ہوگی، جبکہ ملازمین اتوار 19 جولائی کو دوبارہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
مرحوم شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کی نمازِ جنازہ اتوار کو نمازِ مغرب کے بعد امام محمد بن عبدالوہاب مسجد میں ادا کی جائے گی، جس کے بعد انہیں لوسیل قبرستان میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔







