پاکستانی خبریںمتحدہ عرب امارات

پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں متعدد شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے جن میں ثقافتی تعاون، قونصلر امور کے لیے مشترکہ کمیٹی، اور مشترکہ بزنس کونسل کے قیام شامل

خلیج اردو
اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، اقتصادی روابط کو فروغ دینے اور تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے توانائی، سرمایہ کاری، تجارت اور عوامی روابط میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے بہترین سیاسی تعلقات کو ایک مؤثر اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔

ملاقات کے دوران خطے کی صورتحال اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔

اس سے قبل دفتر خارجہ میں ایک استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی جہاں یو اے ای کے نائب وزیراعظم کا استقبال پاکستانی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کیا۔ تقریب کے دوران متعدد شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے جن میں ثقافتی تعاون، قونصلر امور کے لیے مشترکہ کمیٹی، اور مشترکہ بزنس کونسل کے قیام شامل ہیں۔

اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات برادرانہ بنیادوں پر استوار ہیں اور دونوں ممالک کئی منصوبوں پر مل کر کام کر رہے ہیں۔ شیخ عبداللہ بن زاید نے کہا کہ پاکستان کے عوام یو اے ای کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں اور ہم پاکستان کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھائیں گے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button