
خلیج اردو
واشنگٹن: امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیٹھ نے یمن پر متوقع فضائی حملوں سے متعلق حساس معلومات ایک نجی "سگنل” چیٹ گروپ میں شیئر کیں، جس میں ان کی اہلیہ، بھائی اور ذاتی وکیل شامل تھے۔ یہ انکشاف "نیویارک ٹائمز” اور "سی این این” نے اتوار کو اپنی رپورٹس میں کیا۔
رپورٹس کے مطابق یہ دوسرا موقع ہے جب ہیگسیٹھ پر غیر مجاز افراد کے ساتھ خفیہ معلومات شیئر کرنے کا الزام سامنے آیا ہے۔ اس سے قبل مارچ میں "دی اٹلانٹک” نے انکشاف کیا تھا کہ ایک چیٹ گروپ میں غلطی سے ایک صحافی کو شامل کر لیا گیا تھا جہاں ان حملوں پر تبادلہ خیال ہو رہا تھا۔
تازہ ترین انکشاف کے مطابق، ہیگسیٹھ نے 15 مارچ کو ہونے والے انہی حملوں کی معلومات ایک الگ چیٹ گروپ میں شیئر کیں، جس میں ایف/اے-18 ہارنیٹ طیاروں کے شیڈول تک شامل تھے۔ اس بار چیٹ گروپ خود ہیگسیٹھ نے جنوری میں اس وقت بنایا تھا جب وہ تاحال وزیر دفاع کے طور پر تصدیق کے منتظر تھے۔
اس گروپ میں ان کی اہلیہ جینیفر، جو ایک صحافی اور سابقہ فاکس نیوز پروڈیوسر ہیں، ان کے بھائی فل، اور ان کے ذاتی وکیل ٹِم پارلاٹور شامل تھے، جو فی الحال پینٹاگون میں مختلف ذمہ داریوں پر بھی فائز ہیں۔
پینٹاگون کے ترجمان شان پرنیل نے رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے "نیو یارک ٹائمز” کو "ٹرمپ مخالف میڈیا” قرار دیا اور دعویٰ کیا کہ کسی بھی چیٹ میں خفیہ معلومات شیئر نہیں کی گئیں، تاہم انہوں نے تفصیل فراہم نہیں کی۔
دوسری جانب، وائٹ ہاؤس میں اندرونی دباؤ بڑھ رہا ہے۔ تین اعلیٰ پینٹاگون اہلکاروں کو حالیہ دنوں میں چھٹی پر بھیج دیا گیا ہے، جب کہ ہیگسیٹھ کے سابق ترجمان جان اُلیوٹ نے انہیں ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک سخت مضمون شائع کیا ہے، جس میں موجودہ صورتحال کو "پینٹاگون میں مکمل افراتفری کا مہینہ” قرار دیا گیا ہے۔
ڈیموکریٹس نے بھی اس معاملے پر فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ سینیٹ آرمڈ سروسز کمیٹی کے رینکنگ ممبر جیک ریڈ نے کہا کہ اگر یہ الزامات درست ثابت ہوتے ہیں تو یہ وزیر دفاع کی "غیر ذمہ دارانہ روش” کا ایک اور خطرناک مظہر ہے اور اسے فوری طور پر جاری انکوائری میں شامل کیا جانا چاہیے۔







