
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں عیدالاضحیٰ کی تعطیلات قریب آتے ہی بیرونِ ملک سفر کے رجحان میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جبکہ پاکستان، بھارت، مصر، ترکیہ اور سری لنکا سب سے مقبول سفری مقامات بن گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سفری پلیٹ فارم Skyscanner نے انکشاف کیا ہے کہ عید کے پہلے دن کیلئے یو اے ای سے بیرونِ ملک سفر کی تلاش میں گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 51 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رواں برس عیدالاضحیٰ 26 مئی سے 29 مئی تک متوقع ہے، جس کے باعث نجی شعبے کے ملازمین کو چار روز جبکہ سرکاری ملازمین کو پانچ روز کی تعطیلات ملیں گی۔ طویل چھٹیوں کے باعث بڑی تعداد میں مقیم افراد آبائی ممالک جانے یا سیاحتی سفر کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ تلاش کیے جانے والے ممالک میں پاکستان، بھارت، مصر، ترکیہ اور سری لنکا شامل ہیں، جہاں خاندانوں کے ساتھ سفر کرنے کا رجحان نمایاں طور پر بڑھ رہا ہے۔
اسکائی اسکینر کی تحقیق کے مطابق یو اے ای میں 41 فیصد مسافر خاندان کے ہمراہ سفر کو ترجیح دیتے ہیں، جن میں والدین، بچے اور دادا دادی یا نانا نانی کے ساتھ مشترکہ تعطیلات شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ نوجوان نسل خصوصاً جنرل زیڈ اور ملینیئلز میں خاندانی سفر کا رجحان زیادہ تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ تقریباً 51 فیصد جنرل زیڈ مسافروں نے گزشتہ دو برسوں میں والدین کے ساتھ سفر کیا، جبکہ کئی افراد نے تین نسلوں پر مشتمل مشترکہ سیاحت کو ترجیح دی۔
تحقیق کے مطابق 62 فیصد یو اے ای مسافروں کا کہنا ہے کہ خاندانی سفر کا مقصد ایک دوسرے کے ساتھ معیاری وقت گزارنا اور یادگار لمحات بنانا ہے، جبکہ 52 فیصد افراد سفر کے ذریعے خاندانی تعلقات مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔
اسکائی اسکینر کے سفری ماہر ایوب المامون کے مطابق یو اے ای کے رہائشی اب عید اور گرمیوں کی تعطیلات کیلئے زیادہ سوچ سمجھ کر منصوبہ بندی کر رہے ہیں، جہاں لوگ مختلف روٹس، سفری تاریخوں اور بجٹ آپشنز کا موازنہ کر کے بہتر فیصلے کر رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق بڑھتی ہوئی سفری طلب اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ یو اے ای میں مقیم افراد اب مختصر علاقائی تعطیلات اور طویل بین الاقوامی سفر کو ملا کر زیادہ لچکدار سفری حکمتِ عملی اپنا رہے ہیں۔







