متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات میں بھارتی پاسپورٹ فیس میں بڑا اضافہ، بعض خدمات پر 415 درہم تک اضافی ادائیگی کرنا ہوگی

خلیج اردو

متحدہ عرب امارات میں بھارتی شہریوں کے لیے پاسپورٹ خدمات کی سرکاری فیس میں یکم جولائی سے اضافہ کر دیا گیا ہے۔ نئی فیسوں کا اعلان بھارتی وزارتِ خارجہ نے کیا، جبکہ دبئی میں بھارتی قونصل خانے نے ان پر عمل درآمد کی تصدیق کر دی ہے۔

نئی فیسوں کا اطلاق نئے پاسپورٹ، تجدید، فوری (تتکال) خدمات، گمشدہ یا خراب پاسپورٹ کی تبدیلی، کم عمر بچوں کے پاسپورٹ اور پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ سمیت مختلف قونصلر خدمات پر ہوگا۔

نظرثانی شدہ فیس کے مطابق 36 صفحات پر مشتمل عام بالغ پاسپورٹ کی فیس 285 سے بڑھا کر 450 درہم کر دی گئی ہے، جبکہ 60 صفحات والے عام پاسپورٹ کی فیس 380 سے بڑھ کر 630 درہم ہو گئی ہے۔ سب سے زیادہ اضافہ گمشدہ یا خراب 60 صفحات والے عام پاسپورٹ کی تبدیلی پر کیا گیا ہے، جس کی فیس 415 درہم اضافے کے بعد 1,080 درہم مقرر کی گئی ہے۔

بھارتی حکومت نے آٹھ سال تک کے بچوں اور ساٹھ سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کے لیے نئے پاسپورٹ کی درخواست پر 10 فیصد رعایت بھی متعارف کرائی ہے، تاہم یہ رعایت پاسپورٹ کی تجدید پر لاگو نہیں ہوگی۔

یہ فیسیں 2012 کے بعد پہلی مرتبہ بڑھائی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات میں پاسپورٹ اور قونصلر خدمات جلد نئی آؤٹ سورسنگ کمپنی الہند ٹورز اینڈ ٹریولز کے سپرد کی جائیں گی۔ درخواست گزاروں کو سرکاری فیس کے علاوہ انڈین کمیونٹی ویلفیئر فنڈ اور سروس فراہم کرنے والے ادارے کی پراسیسنگ فیس بھی ادا کرنا ہوگی، جس کی تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button