
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں اتحاد ریل کی مسافر ٹرین سروس کے آغاز کے ساتھ ہی ابوظبی میں 10 درہم کرائے پر شٹل بس سروس بھی متعارف کرا دی گئی ہے۔ یہ بسیں محمد بن زاید سٹی ریلوے اسٹیشن کو شہر کے تین اہم مقامات سے جوڑتی ہیں تاکہ مسافروں کو ٹرین تک آسان رسائی حاصل ہو سکے۔
اتحاد ریل کے مطابق شٹل بس کی بکنگ صرف ٹرین کا ٹکٹ خریدتے وقت ہی کرائی جا سکتی ہے، جبکہ فی الحال اسٹیشن پر پہنچ کر اس سروس کی علیحدہ بکنگ کی سہولت موجود نہیں ہے۔ ابتدائی مرحلے میں اتحاد ریل ابوظبی اور فجیرہ کے درمیان روزانہ چھ ٹرینیں، یعنی ہر سمت تین، چلا رہی ہے اور اب تک دس ہزار سے زائد ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں۔
10 درہم کرائے والی شٹل بسیں ابوظبی میں ایڈنوک ہیڈکوارٹر، ایڈنیک سینٹر اور ریم مال و ریم آئی لینڈ تک چلائی جائیں گی۔ ہر روز تین اوقات میں آمد و رفت کی سروس دستیاب ہوگی تاکہ ٹرین کی روانگی اور آمد کے اوقات سے ہم آہنگ سفر ممکن بنایا جا سکے۔
ایڈنوک ہیڈکوارٹر سے اسٹیشن جانے والی بسیں صبح 7 بج کر 4 منٹ، دوپہر 12 بج کر 38 منٹ اور شام 5 بج کر 24 منٹ پر روانہ ہوں گی، جبکہ ایڈنیک سینٹر سے بسیں صبح 7 بج کر 29 منٹ، دوپہر 1 بج کر 3 منٹ اور شام 5 بج کر 49 منٹ پر چلیں گی۔ ریلوے اسٹیشن سے تینوں مقامات کے لیے بسیں صبح 7 بج کر 39 منٹ، دوپہر 1 بج کر 4 منٹ اور شام 7 بج کر 33 منٹ پر روانہ ہوں گی۔
یہ شٹل سروس پارکنگ، ٹریفک اور سفری تبدیلیوں کی پریشانی کم کرنے کے لیے متعارف کرائی گئی ہے، جبکہ مسافروں کو ابوظبی کی اہم کاروباری اور سیاحتی مقامات تک بھی آسان رسائی فراہم کرے گی۔







