
خلیج اردو
دبئی:متحدہ عرب امارات نے شمالی مقدونیہ کے شہر کوچانی میں نائٹ کلب میں ہونے والی آگ کے متاثرین کے ساتھ گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے، جس میں درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔
وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں شمالی مقدونیہ، وہاں کے عوام اور متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا۔
گزشتہ ہفتے نائٹ کلب میں ہونے والی خوفناک آتشزدگی میں 59 افراد ہلاک ہوگئے۔ کوچانی کے مشرقی علاقے میں ایک ہپ ہاپ کنسرٹ کے دوران لگنے والی اس آگ میں تقریباً 155 افراد زخمی بھی ہوئے، جس کے بعد پورے ملک میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔
آگ اس وقت بھڑک اٹھی جب نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد "کلب پلس” میں مقبول ہپ ہاپ جوڑی "ڈی این کے” کے کنسرٹ میں شریک تھی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ اسٹیج پر چلائے گئے آتش بازی کے سامان کی وجہ سے لگی۔
ڈی این کے گروپ کے ایک گلوکار آندرے جورجیئسکی ہلاک ہوگئے، جبکہ دوسرے گلوکار ولادیمیر بلازیو زخمی ہیں۔ اس کے علاوہ ایک گٹارسٹ، ایک ڈرمر اور ایک بیک اپ گلوکار بھی جان کی بازی ہار گئے۔
وزیر داخلہ کے مطابق اس واقعے میں ملوث 20 سے زائد افراد کی تحقیقات جاری ہیں، جن میں سے 15 افراد پولیس کی حراست میں ہیں جبکہ دیگر افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
ملزمان کی فہرست میں نائٹ کلب کا مالک، کنسرٹ کے منتظمین اور سیکیورٹی کے ذمہ دار افراد شامل ہیں۔







