
خلیج اردو
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں منگل کو مسلسل دوسرے روز بڑھتے ہوئے تقریباً 107 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئیں، جبکہ متحدہ عرب امارات میں اکتوبر کے نئے پٹرولیم نرخوں کا اعلان 30 ستمبر کو کیا جائے گا۔
برینٹ خام تیل کے نومبر کیلئے سودے 1.6 فیصد اضافے کے بعد 107 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئے، جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 1.41 فیصد اضافے کے بعد 93.81 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ مشرق وسطیٰ میں تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات نے خطے سے خام تیل کی برآمدات میں بحالی کے آثار پر حاوی رہتے ہوئے قیمتوں میں اضافہ کیا۔
متحدہ عرب امارات میں پٹرول کی قیمتوں کا جائزہ عموماً عالمی منڈی میں خام تیل کے نرخوں میں ہونے والی تبدیلیوں کے مطابق ہر ماہ لیا جاتا ہے۔ ستمبر میں یو اے ای کی فیول پرائس کمیٹی نے پٹرول کی قیمتوں میں تقریباً 20 فلس فی لیٹر اضافہ کیا تھا، جس کے بعد سپر 98 کی قیمت 3.80 درہم، اسپیشل 95 کی 3.69 درہم اور ای پلس 91 کی قیمت 3.61 درہم فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔
متحدہ عرب امارات میں پٹرول کی قیمتیں 2024 میں بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھیں، جب روس یوکرین جنگ کے بعد فی لیٹر قیمت 4 درہم سے تجاوز کر گئی تھی۔
امریکا ایران کشیدگی اور آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث عالمی تیل منڈی میں سپلائی سے متعلق خدشات برقرار ہیں، جبکہ ستمبر 2026 میں خام تیل کی قیمتیں اگست کے مقابلے میں زیادہ رہی ہیں۔
زے کیپیٹل مارکیٹس کے چیف انویسٹمنٹ آفیسر نعیم اسلم کے مطابق برینٹ خام تیل دوبارہ 106 سے 107 ڈالر فی بیرل کی سطح کے قریب پہنچ گیا ہے، جبکہ امریکا ایران مذاکرات اور مشرق وسطیٰ میں تیل کی سپلائی سے متعلق غیر یقینی صورتحال بدستور برقرار ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر تیل کی بلند قیمتیں توانائی کے شعبے کیلئے فائدہ مند ہوسکتی ہیں، تاہم اس کے نتیجے میں مہنگائی، ٹرانسپورٹ اور پیداواری اخراجات میں اضافے کے ساتھ گھریلو اخراجات پر بھی دباؤ بڑھ سکتا ہے۔
متحدہ عرب امارات میں اکتوبر کیلئے پٹرول اور دیگر ایندھن کی نئی قیمتوں کا اعلان 30 ستمبر کو کیا جائے گا۔







