
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات نے سیاحوں کے لیے ’’یو اے ای گرینڈ ٹور‘‘ کے نام سے نیا سیاحتی پروگرام متعارف کرا دیا، جس کے تحت پہلی بار ملک کی ساتوں ریاستوں کو ایک مسلسل سفری منصوبے میں شامل کیا گیا ہے۔ پروگرام کا مقصد سیاحوں کو ایک ہی شہر تک محدود رکھنے کے بجائے مختلف ریاستوں کے قدرتی، ثقافتی، تاریخی اور تفریحی مقامات کی سیر کرانا ہے۔
یو اے ای گرینڈ ٹور کے تحت ابوظبی، دبئی، شارجہ، عجمان، ام القوین، رأس الخیمہ اور فجیرہ شامل ہیں۔ مختلف پروگراموں میں صحرائی مہمات، پہاڑی سرگرمیاں، ساحلی مقامات، قدرتی ذخائر، تاریخی قلعے، عجائب گھر، صحت و تفریح اور ثقافتی مقامات کو شامل کیا گیا ہے۔
منصوبے کے تحت سات مختلف کثیر روزہ پروگرام پیش کیے گئے ہیں۔ گرینڈ کلاسک اور گرینڈ ایڈونچر 11 دن اور 10 راتوں پر مشتمل ہیں، جبکہ گرینڈ ایکو فرینڈلی پروگرام بھی 11 روزہ ہے۔ گرینڈ ویلنس اور گرینڈ فیملی پروگرام بھی 11 دن اور 10 راتوں پر مشتمل ہیں۔
گرینڈ کلچر اینڈ ہیریٹیج پروگرام 8 دن اور 7 راتوں، جبکہ گرینڈ بیچ پروگرام 12 دن اور 11 راتوں پر مشتمل ہے۔ حکام کے مطابق اقدام کا مقصد متحدہ عرب امارات کو سات الگ ریاستوں کے بجائے ایک مربوط سیاحتی منزل کے طور پر متعارف کرانا اور سیاحوں کے قیام کا دورانیہ بڑھانا ہے۔







