
خلیج اردو
دبئی – متحدہ عرب امارات نے نجی شعبے کے ملازمین کی تعلیمی اسناد کی تصدیق کے لیے ایک نئی ڈیجیٹل سروس متعارف کروا دی ہے، جس کا اعلان پیر کے روز کیا گیا۔ یہ سہولت ان ملازمین اور آجروں کے لیے ہے جن کی تعلیمی ڈگریاں متحدہ عرب امارات سے باہر کی ہیں اور وہ مہارت کی سطح 1 سے 4 میں آتے ہیں۔
وزارت انسانی وسائل و امارات کاری (MoHRE) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ سروس بعد میں ان اسناد کے لیے بھی دستیاب ہوگی جو خود یو اے ای کے اندر جاری کی گئی ہوں۔ یہ ڈیجیٹل سہولت وزارت کی ویب سائٹ، اسمارٹ ایپلی کیشن اور ملک بھر کے بزنس سروس سینٹرز کے ذریعے دستیاب ہوگی۔
وزارت کے بیان میں کہا گیا ہے: ’’’اکیڈمک کوالیفکیشن ویری فکیشن پراجیکٹ‘ نجی و سرکاری اداروں کو کئی فوائد فراہم کرتا ہے، جس کے ذریعے بھرتی کے عمل میں پیش کی جانے والی تعلیمی اسناد کی صداقت اور درستگی کو براہِ راست ڈیجیٹل تصدیق کے ذریعے یقینی بنایا جاتا ہے۔‘‘
یہ اقدام بھرتی کے طریقہ کار کو زیادہ قابل اعتماد بنائے گا، دستاویزات کی تعداد کم کرے گا، اور تصدیق کا یہ عمل ایک مرتبہ کی فیس کے ساتھ یکجا ہو کر سہولت فراہم کرے گا۔







