متحدہ عرب امارات

نرس ناومی اویو اوہینے اوتی کو دبئی میں عالمی اعزاز، 2.5 لاکھ ڈالر کا انعام ملا

خلیج اردو
دبئی – غریب اور امیر مریضوں کے درمیان کینسر کے علاج میں مساوات کی داعی، نرس ناومی اویو اوہینے اوتی نے پیر کے روز دبئی میں منعقدہ تقریب میں ’’ایسٹر گارڈینز گلوبل نرسنگ ایوارڈ 2025‘‘ اپنے نام کر لیا۔ اس اعزاز کے تحت انہیں 2 لاکھ 50 ہزار امریکی ڈالر انعام میں دیے گئے۔

ناومی، جو تین بچوں کی ماں ہیں اور گھانا سے تعلق رکھتی ہیں، تقریب کے دوران اپنی مؤثر آواز میں بولیں: ’’ہمارے لیے اس وقت سب سے بڑی ترجیح نرسنگ تربیت کو یکساں معیار پر لانا ہے، اور یہ بہت ضروری ہے۔‘‘ انہوں نے دنیا بھر کی نرسوں کو قیادت کی ذمہ داریاں سنبھالنے کی ترغیب دی اور کہا کہ قیادت صرف عہدے کا نام نہیں بلکہ جوابدہی، دیانتداری اور عملی اقدام کا تقاضا ہے۔

2001 میں اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والی نرس ناومی نے کینسر کے علاج میں امتیاز کو قریب سے دیکھا اور اسے ختم کرنے کے لیے تعلیمی اصلاحات، آگاہی اور نظام کی بہتری کو اپنا مشن بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اب انعامی رقم سے وہ تربیتی پروگرامز کو وسعت دیں گی، فیکلٹی کو تیار کریں گی اور افریقہ میں آنکولوجی نرسنگ کے فروغ کے لیے نئی راہیں ہموار کریں گی۔

ناومی نے اس موقع پر شراکت داری کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ ان کی ٹیم نے ’’انٹرنیشنل سوسائٹی آف نرسز اِن کینسر کیئر‘‘ کے ساتھ ایک پائلٹ تربیتی پروگرام شروع کیا، جس کے ایک شرکا نے گھانا میں بریسٹ کینسر کی آگاہی کے لیے قومی سطح کا مواد تیار کرنے میں حصہ لیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب ان کا اگلا ہدف پالیسی سازوں اور وزرا سے براہِ راست رابطہ ہے تاکہ ان کے پروگرامز کو قومی سطح کے تربیتی اداروں میں شامل کرایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا، ’’یہ صرف ایک وژن نہیں بلکہ ایک تحریک ہے جو تربیت دیتی ہے، ڈھالتی ہے اور تبدیلی لاتی ہے۔‘‘

ناومی اس وقت بریسٹ کینسر کے مریضوں کے لیے سپورٹیو کیئر انٹروینشن پر پی ایچ ڈی کر رہی ہیں۔ انہوں نے اپنی کامیابی کا سہرا اپنے شوہر کو دیا، جو ان کے تعلیمی سفر میں ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے رہے۔

تقریب میں عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ادھانوم گیبریئس نے بھی ویڈیو پیغام کے ذریعے نرسوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے رواداری و بقائے باہمی شیخ نھیان بن مبارک النھیان نے نرسنگ کو ’’انسانی تاریخ کے سب سے باوقار اور مؤثر پیشوں‘‘ میں سے ایک قرار دیا۔

ایسٹر ڈی ایم ہیلتھ کیئر کی مینیجنگ ڈائریکٹر و گروپ سی ای او علیشا موپن نے ناومی کی خدمات کو ’’خاموش ہیروز‘‘ کی علامت قرار دیا اور کہا کہ یہ ایوارڈ دنیا بھر کے ان نرسوں کی نمائندگی کرتا ہے جو ہسپتالوں، کلینکس اور کمیونٹیز میں صحت کی ڈور سنبھالے رکھتے ہیں۔

ایوارڈ جیتنے والوں کو ارنسٹ اینڈ ینگ ایل ایل پی، اسکریننگ جیوری، اور گرانڈ جیوری کی سخت چھان بین کے بعد منتخب کیا گیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button