خلیجی خبریںعالمی خبریںمتحدہ عرب امارات

 متحدہ عرب امارات: نیٹ ورکنگ کے ذریعے نوکری حاصل کرنے کے امکانات روشن 

خلیج اردو
دبئی: متحدہ عرب امارات میں کیریئر بنانے اور ترقی کے لیے نیٹ ورکنگ کو ایک مؤثر حکمت عملی قرار دیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق، نوکری کی تلاش، کاروباری ترقی، اور پیشہ ورانہ مواقع حاصل کرنے کے لیے مضبوط نیٹ ورکنگ نہایت ضروری ہے۔

متحدہ عرب امارات میں کئی افراد نوکری کے لیے درجنوں درخواستیں بھیجنے کے باوجود کوئی جواب نہیں پاتے، لیکن اگر کوئی جاننے والا سفارش کر دے تو انٹرویو کا موقع فوراً مل سکتا ہے۔ نیٹ ورکنگ نہ صرف نوکری حاصل کرنے بلکہ مارکیٹ کے تازہ ترین رجحانات سے آگاہ رہنے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہے۔

ماہرین کے مطابق، نیٹ ورکنگ کا سب سے بہترین طریقہ انڈسٹری ایونٹس میں شرکت کرنا ہے۔ دبئی اور ابوظہبی میں ہر سال کئی بڑے کانفرنسز اور نمائشیں منعقد ہوتی ہیں، جیسے گائٹکس ٹیکنالوجی کے ماہرین کے لیے اور عرب ہیلتھ ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کے لیے۔ ایسے مواقع پر براہ راست ملاقاتیں اور تعارف سے پیشہ ورانہ تعلقات مضبوط ہوتے ہیں۔

متحدہ عرب امارات میں 8 ملین سے زائد افراد  لنکڈ اِن استعمال کرتے ہیں۔ صرف کنکشنز جوڑنے کے بجائے، پروفیشنل پوسٹس، تبصرے اور انڈسٹری سے متعلقہ مباحثوں میں حصہ لینا ضروری ہے۔ اس سے آپ کی آن لائن موجودگی مضبوط ہوتی ہے اور آپ کے لیے نئے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق، پروفیشنل نیٹ ورکنگ گروپس جیسے دبئی بزنس وومن کونسل اور برٹس بزنس کونسل میں شمولیت، نئے مواقع حاصل کرنے اور کمیونٹی سے جُڑے رہنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ کئی افراد نے ایسے ہی گروپس کے ذریعے نوکریاں اور کاروباری مواقع حاصل کیے ہیں۔

نیٹ ورکنگ صرف فائدہ اٹھانے کا نام نہیں بلکہ دوسروں کی مدد کرنے سے بھی تعلقات مضبوط ہوتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آپ کسی کی نوکری کے لیے سفارش کریں، کسی کو مشورہ دیں یا نئے لوگوں سے ملوائیں تو یہ نیکی مستقبل میں آپ کے لیے بھی مواقع پیدا کر سکتی ہے۔

تحقیقات کے مطابق، کامیابی میں 70 فیصد عملی تجربے، 20 فیصد نیٹ ورکنگ، اور 10% رسمی تعلیم کا کردار ہوتا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ نیٹ ورکنگ کی بدولت ترقی کے مواقع حاصل کرنا زیادہ آسان ہو سکتا ہے۔

کیریئر کوچز کا کہنا ہے کہ نیٹ ورکنگ کا مطلب صرف کاروباری تعلقات بنانا نہیں بلکہ ایسے مضبوط تعلقات قائم کرنا ہے جو وقت کے ساتھ آپ کے لیے نئے دروازے کھول سکیں۔ جو لوگ مستقل بنیادوں پر نیٹ ورکنگ کرتے ہیں، وہ بہتر نوکریاں اور ترقی کے زیادہ مواقع حاصل کرتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق، اگر آپ نیٹ ورکنگ میں مہارت حاصل کر لیں تو آپ کے لیے نوکری کے مواقع پیدا ہونے کے امکانات کئی گنا بڑھ سکتے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button