متحدہ عرب امارات

قبل از وقت اسپرنگ بریک پر یو اے ای میں ڈے کیئر سینٹرز بند، والدین کو بچوں کی دیکھ بھال اور کام کے اوقات میں مشکلات کا سامنا

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں قبل از وقت اسپرنگ بریک کے باعث ڈے کیئر اور ابتدائی تعلیمی مراکز بند ہونے سے چھوٹے بچوں کے والدین کو اچانک بچوں کی دیکھ بھال کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حکام کی ہدایات کے تحت یہ مراکز 22 مارچ تک بند رہیں گے۔

بہت سے والدین کا کہنا ہے کہ اچانک بندش کے باعث انہیں اپنے کام کے اوقات اور گھریلو معمولات کو ازسرِنو ترتیب دینا پڑ رہا ہے۔ بعض والدین نے اس بات پر بھی تشویش ظاہر کی کہ وہ پہلے ہی ہزاروں درہم فیس ادا کر چکے ہیں جبکہ بچے اس سہولت سے فائدہ نہیں اٹھا پا رہے۔

شارجہ کی ایک خاتون نے بتایا کہ ان کے تین سالہ بیٹے کا ڈے کیئر بند ہونے کے بعد انہیں اپنے دفتر سے گھر سے کام کرنے کی اجازت لینا پڑی کیونکہ بچے کو گھر پر اکیلا چھوڑنا ممکن نہیں۔ اسی طرح دبئی کے ایک اور خاندان نے کہا کہ نرسری کے مختصر اوقات بھی روزمرہ ذمہ داریوں کو سنبھالنے میں مدد دیتے تھے۔

کئی نرسری اداروں نے والدین کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے متبادل انتظامات شروع کیے ہیں۔ بعض مراکز نے بچوں کے لیے دن کے اوقات میں محفوظ سرگرمیوں اور کیمپ پروگرامز کا انتظام کیا ہے تاکہ والدین کو عارضی سہولت فراہم کی جا سکے۔

کچھ تعلیمی اداروں نے آن لائن تعلیمی پروگرام بھی متعارف کرائے ہیں جن میں کہانی سنانے کے سیشن، کھیل کے ذریعے سیکھنے کی سرگرمیاں اور بچوں کی ذہنی و جذباتی نشوونما کیلئے خصوصی پروگرام شامل ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ اقدامات بچوں کی تعلیم اور معمولات کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے ساتھ والدین کی مشکلات کو کم کرنے کی کوشش قرار دی جا رہی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button