
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں مقیم افراد اس گرم موسم میں مزدور طبقے کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے کے لیے ‘الفریج فریج’ مہم کے تحت رضاکارانہ خدمات انجام دے سکتے ہیں۔ یہ مہم جوس، آئس کریم اور ٹھنڈے مشروبات کی تقسیم کے ذریعے مزدوروں کو ریلیف فراہم کرنے کا عزم رکھتی ہے۔
یہ مہم 23 جون سے شروع ہو چکی ہے اور 58 دنوں تک دبئی کے مختلف مقامات پر جاری رہے گی۔ اس کا مقصد 20 لاکھ بوتلیں اور ٹھنڈی اشیاء تقسیم کرنا ہے۔ اس مہم کو محمد بن راشد المکتوم گلوبل انیشیٹوز (MBRGI)، فرجان دبئی، یو اے ای واٹر ایڈ فاؤنڈیشن (سقیا) اور یو اے ای فوڈ بینک کی سرپرستی حاصل ہے۔
رضاکار کیسے بنیں؟
فرجان دبئی کی ڈائریکٹر عالیہ الشملان کے مطابق:
-
چھ آئس کریم ٹرک شہر بھر میں گھومیں گے، رضاکار ان کے ہمراہ مزدوروں میں آئس کریم اور مشروبات تقسیم کریں گے۔
-
شہری اپنی ذاتی گاڑیوں میں بھی رضاکارانہ طور پر حصہ لے سکتے ہیں، انہیں کولر اور تقسیم کے لیے آئٹمز فراہم کیے جائیں گے۔
-
اگر کوئی شہری اپنی طرف سے مشروبات یا آئس کریم خرید کر تقسیم کرنا چاہے تو اس کا بھی خیر مقدم کیا جائے گا۔
رضاکارانہ خدمات کے لیے دلچسپی رکھنے والے افراد فرجان دبئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر موجود سائن اپ فارم کے ذریعے رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔ رجسٹریشن کے بعد انہیں اسٹیکر اور رضاکار جیکٹ فراہم کی جائے گی تاکہ وہ بآسانی شناخت کیے جا سکیں۔
رضاکارانہ خدمات کے لیے دو شفٹس رکھی گئی ہیں:
-
صبح 9 بجے سے دوپہر 1 بجے تک
-
دوپہر 2 بجے سے شام 5 بجے تک
گزشتہ سال اس مہم کو زبردست پذیرائی ملی تھی، اور اس سال اسے مزید وسعت دی گئی ہے تاکہ دبئی کے ہر کونے تک مزدوروں تک ٹھنڈی راحت پہنچائی جا سکے۔







