
خلیج اردو
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات نے سوڈانی شہریوں کے لیے اقامہ اور سیاحتی ویزوں سے متعلق تمام جرمانے معاف کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ وفاقی ادارہ برائے شہریت، شناخت، کسٹمز اور پورٹ سیکیورٹی (ICP) کے مطابق یہ رعایت 19 مئی 2025 سے نافذ العمل ہوگی اور 31 دسمبر 2025 تک برقرار رہے گی۔
اعلان میں کہا گیا ہے کہ ایسے تمام سوڈانی باشندے جن پر اقامہ یا داخلے کے پرمٹ سے متعلق جرمانے واجب الادا ہیں، وہ اب ان جرمانوں سے مستثنیٰ ہوں گے۔ ادارے نے سوڈانی تارکین وطن پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی قانونی حیثیت کو باقاعدہ بنانے کے لیے تجدید کی درخواستیں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے جمع کروائیں۔ اس عمل کو آسان بنانے کے لیے لچکدار اقدامات کیے جائیں گے۔
یہ فیصلہ سوڈان میں جاری انسانی بحران کے تناظر میں کیا گیا ہے اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے متاثرہ افراد سے یکجہتی اور انسانی ہمدردی کے جذبے کا مظہر ہے۔ حکومتِ امارات نے واضح کیا ہے کہ وہ عالمی بحرانوں میں متاثرہ افراد کی مدد جاری رکھے گی۔







