
خلیج اردو
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات نے بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔ وزارتِ خارجہ کی ڈائریکٹر اسٹریٹجک کمیونیکیشن افرا الحمٰیلی نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا کہ یو اے ای جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو فروغ دینے کی اس کوشش کو سراہتا ہے۔
افرا الحمٰیلی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” پر اپنے پیغام میں بتایا کہ وزارت کو امید ہے کہ یہ جنگ بندی جنوبی ایشیائی خطے میں سیکیورٹی اور استحکام کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔
بیان میں یو اے ای نے دونوں ممالک کی قیادت کو اس معاہدے تک پہنچنے پر سراہا اور اس سفارتی پیش رفت میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کی بھی تعریف کی۔
وزارتِ خارجہ نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ بھارت اور پاکستان جنگ بندی کے اس عزم پر قائم رہیں گے اور اس فیصلے کو خطے میں وسیع تر امن اور استحکام کی بنیاد کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
اماراتی وزارتِ خارجہ نے دونوں ممالک کے ساتھ قریبی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سفارت کاری اور بات چیت ہی مسائل کے پرامن حل اور باہمی اعتماد سازی کا راستہ ہے۔
یو اے ای نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ یہ پیش رفت دونوں ممالک کے عوام کے لیے دیرپا استحکام، ترقی اور خوشحالی کی راہیں ہموار کرے گی۔







