خلیج اردو
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر کے حل کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان اور بھارت کے ساتھ مل کر کام کریں گے اور دیکھیں گے کہ کیا "ہزار سال” بعد اس دیرینہ مسئلے کا کوئی حل نکل سکتا ہے۔ صدر ٹرمپ نے دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی مضبوط اور غیر متزلزل قیادت پر انہیں فخر ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ دونوں ممالک نے ہمت، دانائی اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سمجھا کہ وقت آ گیا ہے کہ موجودہ لڑائی کو روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اشتعال انگیزی بے شمار جانوں کے نقصان اور بڑے پیمانے پر تباہی کا سبب بن سکتی تھی، جس سے لاکھوں معصوم اور نیک لوگ مارے جا سکتے تھے۔
ایکس پر اپنے پیغام میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی قیادت نے دلیرانہ اقدامات اٹھائے جن سے ان کا وقار مزید بلند ہوا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ امریکا اس تاریخی اور جرات مندانہ فیصلے میں اپنا کردار ادا کر سکا۔ صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا دونوں عظیم ممالک کے ساتھ تجارت بڑھانے کیلئے پرعزم ہے۔







