
خلیج اردو
راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے پاک فضائیہ اور بحریہ کے ترجمانوں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ پاکستان نے سیزفائر کی کوئی درخواست نہیں کی، جنگ بندی کی خواہش بھارت نے امریکہ سے کی۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج نے عوام سے کیا گیا اپنا وعدہ پورا کیا اور بھارتی حملوں کا منہ توڑ جواب دیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے بتایا کہ پاکستان کے پاس کئی ایسی صلاحیتیں ہیں جو آئندہ کیلئے محفوظ رکھی گئی ہیں۔ بھارت نے پاکستان میں معصوم شہریوں کو شہید کیا، جس پر پاکستان نے تمام حملے مہارت سے کیے تاکہ سویلین اس کا نشانہ نہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ صلاحیتیں استعمال کی گئیں جبکہ کچھ آئندہ کیلئے بچا کر رکھی گئی ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ پاکستان نے فتح ون اور ٹو میزائلوں سے بھارت کے 26 فوجی اہداف کو نشانہ بنایا، دو مقامات پر بھارت کے ایس 400 بیٹری سسٹم کو کامیابی سے تباہ کیا، راجوڑی اور نوشہرہ میں بھارتی ملٹری بریگیڈ کو مکمل طور پر نشانہ بنایا گیا، جب کہ سورت گڑھ، سرسہ، آسم پور، اونتی پورہ، اودھم پور اور پٹھان کوٹ میں اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے کامیابی سے اُڑی نیٹ ورک اسٹیشن اور پونچھ راڈار کو بھی نشانہ بنایا، کنٹرول لائن پر ان فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جو آزاد کشمیر میں معصوم شہریوں پر حملے کر رہی تھیں۔ بھارت میں ان مقامات کو نشانہ بنایا گیا جہاں سے پاکستان پر حملے کیے گئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ سائبر وار میں بھی بھارت کو عبرتناک شکست دی گئی، بھارت نے ڈرونز کے ذریعے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی اور دہشتگردی کے واقعات میں ملوث رہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر محاذ پر تیار ہیں اور ملک کی خودمختاری کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا۔






