دبئی: جمعہ کی شام 4 بجے کے قریب الاین کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور درمیانی بارش ہوئی، جبکہ دبئی سمیت ملک کے کئی حصوں میں مطلع جزوی ابر آلود اور گرد آلود رہا جس سے حد نگاہ کم ہو گئی۔ ام غافہ الاین میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔ قومی مرکز برائے موسمیات کے مطابق آج رات 8 بجے تک مشرقی اور جنوبی علاقوں میں مزید بارش کے امکانات ہیں۔
این سی ایم کا کہنا ہے کہ ملک اس وقت سطحی کم دباؤ کے نظام اور مرطوب جنوب مشرقی ہواؤں کے زیر اثر ہے جبکہ بالائی سطح پر کم دباؤ کے باعث بادلوں کی تشکیل ہو رہی ہے جو درمیانی اور تیز بارش کا سبب بن سکتی ہے۔ اسی دوران گرد آلود ہوائیں اور ریت کے طوفان سڑکوں پر حد نگاہ کو مزید کم کر سکتے ہیں۔
ہفتے اور اتوار کو مشرقی علاقوں، خاص طور پر فجیرہ اور الاین میں بارش کے زیادہ امکانات ہیں جبکہ پیر تک ملک بھر میں وقفے وقفے سے درمیانی اور تیز بارش متوقع ہے۔ ماہرین نے ڈرائیوروں کو محتاط رہنے اور بدلتے موسمی حالات کے پیش نظر اضافی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔






