
خلیج اردو
روم: کارلو اکوتس، جنہیں "سائبر رسول” اور "خدا کے انفلوئنسر” کہا جاتا ہے، 7 ستمبر 2025 کو ولیت کے درجے پر فائز کیے جائیں گے۔ ویٹیکن کے مطابق یہ تقریب اپریل میں طے تھی مگر پوپ فرانسس کے انتقال کے بعد ملتوی کر دی گئی تھی، جسے موجودہ پوپ لیو چہار دہم نے دوبارہ شیڈول کیا۔
کارلو اکوتس 1991 میں لندن میں پیدا ہوئے مگر پرورش میلان میں ہوئی۔ ایک غیر مذہبی مگر خوشحال خاندان سے تعلق رکھنے کے باوجود انہوں نے کم عمری سے ہی غیر معمولی مذہبی وابستگی دکھائی، روزانہ چرچ کی عبادت میں شریک ہوتے اور ضرورت مندوں کی مدد کرتے۔ انہوں نے بے گھر افراد کو کھانا اور سلیپنگ بیگز فراہم کیے اور اسکول میں تنگ کیے جانے والے بچوں کا سہارا بنے۔
اکوتس نے اپنی کمپیوٹر مہارت کے ذریعے کیتھولک عقائد کو آن لائن پھیلایا، خاص طور پر "یوخرست کے معجزات” پر ایک ڈیجیٹل نمائش تخلیق کی جو آج بھی ان کے پیغام کو زندہ رکھے ہوئے ہے۔ 2006 میں صرف 15 برس کی عمر میں خون کے کینسر کے باعث ان کا انتقال ہوا۔
ویٹیکن کے مطابق کارلو سے منسوب دو معجزات تسلیم کیے جا چکے ہیں۔ ایک برازیل کے بچے کی نایاب بیماری سے شفا یابی اور دوسرا کوسٹاریکا کی طالبہ کا حادثے کے بعد معجزانہ طور پر صحتیاب ہونا۔ انہی معجزات کی بنیاد پر پوپ فرانسس نے 2020 میں انہیں بیٹیفائی کیا تھا۔
کارلو کی والدہ کا کہنا ہے کہ وہ بچپن سے ہی غیر معمولی، ہمدرد اور خوش مزاج تھے، اپنے کھلونے دوسروں کو دے دیتے اور کہتے کہ "میرے پاس سب کچھ ہے، ان کے پاس کچھ نہیں، کیا یہ انصاف ہے؟”۔ ان کا ماننا ہے کہ کارلو جدید دور میں امید کی علامت ہیں جنہوں نے ٹیکنالوجی کو صرف مثبت مقاصد کے لیے استعمال کیا۔
7 ستمبر کو روم میں ہونے والی تقریب میں اٹلی کے شہر اسیسی سے 800 سے زائد زائرین خصوصی ٹرین کے ذریعے شریک ہوں گے۔ کارلو کے ساتھ ساتھ ایک اور اطالوی نوجوان، پیئر جیورجیو فراساتی، کو بھی ولی قرار دیا جائے گا۔ یہ پوپ لیو چہار دہم کی بطور پوپ پہلی کینونائزیشن ہوگی اور کیتھولک "جوبلی ہولی ایئر” کے دوران منعقد ہو رہی ہے، جس میں اب تک 2 کروڑ 40 لاکھ زائرین روم کا رخ کر چکے ہیں۔






