خلیج اردو
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات میں منگل 30 ستمبر کو موسم نسبتاً خوشگوار رہنے کا امکان ہے اور درجہ حرارت میں بتدریج کمی متوقع ہے۔ نیشنل سینٹر آف میٹیورولوجی (این سی ایم) کے مطابق آسمان صاف سے جزوی طور پر ابر آلود رہے گا جبکہ مشرقی علاقوں میں ہلکی بادل نمودار ہو سکتے ہیں۔
این سی ایم نے پیر کی رات سے منگل کی صبح 9 بجے تک دھند کی پیلی وارننگ جاری کی ہے اور شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ اس دوران حدِ نگاہ میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔
ابوظہبی پولیس نے بھی ڈرائیوروں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے اور کہا ہے کہ شہری سڑکوں پر نصب الیکٹرانک سائن بورڈز پر ظاہر ہونے والی رفتار کی حد میں تبدیلیوں پر نظر رکھیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ابوظہبی میں درجہ حرارت 38 ڈگری اور دبئی میں 37 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے جو گزشتہ دنوں کے 40 ڈگری سے زیادہ درجہ حرارت کے مقابلے میں نسبتاً کم ہے۔
محکمہ نے مزید بتایا کہ رات اور بدھ کی صبح کے وقت ساحلی اور اندرونی علاقوں میں نمی کے باعث دھند یا کہر بننے کا امکان ہے۔ دن کے دوران ہوائیں شمال مغرب سے جنوب مغرب کی سمت چلیں گی جو کبھی کبھار تیز ہو کر 40 کلومیٹر فی گھنٹہ تک جا سکتی ہیں۔
عربین خلیج میں سمندر ہلکا سے درمیانہ اور کبھی کبھار خراب رہنے کا امکان ہے جبکہ عمان سی میں سمندر ہلکا رہے گا۔







