خلیج اردو
ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے نیشنل سینٹر آف میٹروولوجی (این سی ایم) نے بدھ (21 جنوری) کی صبح دھند کے باعث ریڈ الرٹ جاری کر دیا۔ اس کے ساتھ ہی سمندر میں خراب صورتحال کے پیش نظر ییلو الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔
دھند کے باعث ابو ظہبی پولیس نے بعض شاہراہوں پر رفتار کی حد کم کر دی ہے، جن میں شامل ہیں:
-
سلامہ بنت بُطی روڈ (لیوا – زاید سٹی): 80 کلومیٹر فی گھنٹہ
-
احمد خمیس الہامیلی روڈ (زاید سٹی – شیخ خلیفہ بن زاید انٹرنیشنل): 80 کلومیٹر فی گھنٹہ
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں خصوصاً ساحلی علاقوں میں بعض اوقات مطلع جزوی سے مکمل ابر آلود رہے گا، جبکہ درجہ حرارت میں بھی کمی متوقع ہے۔
این سی ایم کا کہنا ہے کہ رات اور جمعرات کی صبح بعض اندرونی علاقوں میں موسم مرطوب رہے گا۔ شمال مغربی ہوائیں معتدل سے تیز رہیں گی، جو بعض اوقات گرد و غبار اور ریت کے طوفان کا باعث بن سکتی ہیں۔ ہواؤں کی رفتار 15 سے 30 کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے کے ساتھ بعض اوقات 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔
سمندر کی صورتحال کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ خلیج عرب میں سمندر خراب سے انتہائی خراب جبکہ بحیرہ عمان میں خراب رہے گا۔
درجہ حرارت کے مطابق دبئی اور شارجہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ابو ظہبی میں 24 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت شارجہ میں 13 ڈگری، ابو ظہبی میں 15 ڈگری اور دبئی میں 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جائے گا۔
منگل کی صبح ملک میں کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ راس الخیمہ کے جبل جیس میں صبح 6 بجے ریکارڈ کیا گیا۔







