
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں پیر، 8 دسمبر 2025 کو موسم مجموعی طور پر صاف اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ قومی مرکز برائے موسمیات کے مطابق جزائر اور مغربی علاقوں میں کم بلندی والے بادل نمودار ہوں گے جبکہ دھند کے باعث شدید موسمی صورتحال کا انتباہ بھی جاری کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے صبح 1 بجے سے 10 بجے تک دھند کے لیے ریڈ اور ییلو الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں سے محتاط ڈرائیونگ کی اپیل کی ہے۔ دھند خصوصاً شاہراہوں اور کھلے علاقوں میں حدِ نگاہ متاثر کر سکتی ہے۔
مغربی ساحلی علاقوں میں آج رات اور منگل کی صبح نمی میں اضافہ ہوگا جس کی شرح ابو ظبی، دبئی اور شارجہ میں 20 فیصد سے 75 فیصد تک ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔ درجہ حرارت میں بھی کل سے اضافہ متوقع ہے، ابو ظبی میں زیادہ سے زیادہ 30 ڈگری، جبکہ دبئی اور شارجہ میں 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب 19، 21 اور 18 ڈگری جبکہ داخلی علاقوں میں 10 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔
موسم کے دوران جنوب مشرقی سے شمال مشرقی سمت میں ہلکی سے معتدل ہوائیں چلتی رہیں گی۔ بحیرہ عرب اور بحیرہ عمان میں سمندر معمولی سا مائل بہ سکون رہے گا۔







