متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات میں دھند کا ریڈ الرٹ جاری، درجہ حرارت میں بتدریج اضافے کی پیشگوئی، بعض علاقوں میں پارہ 48 ڈگری تک پہنچنے کا امکان

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کے قومی مرکز برائے موسمیات نے جمعرات 18 جون کے لیے دھند کے باعث ریڈ اور ییلو الرٹ جاری کر دیا ہے جبکہ ملک بھر میں درجہ حرارت میں بتدریج اضافے کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صبح 9 بجے تک دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے، جس کے پیش نظر گاڑی چلانے والوں کو انتہائی احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

موسمی رپورٹ کے مطابق آج عمومی طور پر موسم صاف رہے گا جبکہ مشرقی علاقوں میں بعض اوقات جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

ابوظہبی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ اور دبئی میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی توقع ہے۔ ملک کے گرم ترین علاقوں میں مزیرعہ 48 ڈگری، رزین 47 ڈگری، القوع اور غصیورہ 46 ڈگری جبکہ سویحان 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیے جا سکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ رات اور جمعہ کی صبح ساحلی اور اندرونی علاقوں، خصوصاً مغربی خطوں میں نمی میں نمایاں اضافہ ہوگا، جہاں بعض مقامات پر نمی کی شرح 90 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔

ہوائیں جنوب مشرقی سے شمال مشرقی سمت میں ہلکی سے معتدل رفتار سے چلیں گی جن کی رفتار 10 سے 20 کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے کا امکان ہے، تاہم بعض اوقات یہ 30 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بھی پہنچ سکتی ہیں۔

عرب خلیج اور بحیرہ عمان میں سمندر کی صورتحال عمومی طور پر ہلکی رہے گی جبکہ شہریوں کو صبح کے اوقات میں دھند کے باعث سفر کے دوران محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button