متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات: وزن کم کرنے پر ہر کلوگرام کے بدلے 300 درہم جیتنے کا موقع

خلیج اردو
دبئی:متحدہ عرب امارات کا سالانہ وزن کم کرنے کا چیلنج اس فروری میں دوبارہ شروع ہو رہا ہے، جہاں شرکاء کو ہر کلوگرام وزن کم کرنے پر 300 درہم تک انعام مل سکتا ہے۔

راس الخیمہ کے سب سے بڑے ویٹ لاس چیلنج  کا پانچواں ایڈیشن 21 فروری سے 22 مئی تک جاری رہے گا۔

رجسٹریشن کے لیے مفت اندراج شروع ہو چکا ہے، اور اس سال "فیملی کیٹیگری” کا اضافہ کیا گیا ہے تاکہ خاندان مل کر صحت مند زندگی کی طرف قدم بڑھائیں۔

فزیکل کیٹیگری میں جیتنے والے مرد اور خواتین کو ہر کلوگرام وزن کم کرنے پر 300، 200، اور 100 درہم دیے جائیں گے، جبکہ ورچوئل کیٹیگری کے شرکاء کو سٹیکیشنز، ہیلتھ پیکجز، ڈائننگ واؤچرز، اور جم ممبرشپ جیسے انعامات دیے جائیں گے۔

راس الخیمہ اسپتال کے مطابق، متحدہ عرب امارات میں 40 فیصد بالغ اور 40 فیصد بچے موٹاپے کا شکار ہیں، جو ذیابیطس، دل کی بیماریوں اور کینسر جیسے امراض میں اضافے کا سبب بن رہا ہے۔

ڈاکٹر رضا صدیقی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر،راس الخیمہ اسپتال، کا کہنا ہے کہ ہماری اس مہم کو نہ صرف متحدہ عرب امارات بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی بڑی پذیرائی ملی ہے۔ ہم اس چیلنج کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر غور کر رہے ہیں۔

فیملی کیٹیگری میں کم از کم تین افراد کو شامل ہونا ضروری ہے۔ سب سے زیادہ اوسط وزن کم کرنے والے خاندان کو لائف اسٹائل واؤچرز دیے جائیں گے، جبکہ جوڑوں کے لیے بھی الگ انعامات رکھے گئے ہیں۔

دیگر خصوصی چیلنجز میں کارپوریٹ ٹیم چیلنج شامل ہے، جہاں 10 ملازمین کی اوسط وزن کمی کے حساب سے جیتنے والی ٹیم کا انتخاب ہوگا۔ اسکول ویٹ لاس چیلنج میں 10 یا زیادہ اسٹاف ممبران پر مشتمل اسکول ٹیمیں حصہ لے سکتی ہیں، جبکہ سب سے کم اوسط بی ایم آئی رکھنے والے طلبہ (لڑکوں اور لڑکیوں) والے اسکول کو بھی ایوارڈ دیا جائے گا۔

گزشتہ سال 18,000 سے زائد افراد نے چیلنج میں حصہ لیا، جیتنے والوں میں 40,000 درہم کیش انعام تقسیم کیا گیا، اور ایک 31 سالہ غیر ملکی نے 30 کلوگرام وزن کم کر کے 9,000 درہم جیتے۔

یہ چیلنج صحت مند طرز زندگی اپنانے کا ایک بہترین موقع ہے، جہاں نہ صرف وزن کم کیا جا سکتا ہے بلکہ مالی انعامات بھی جیتے جا سکتے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button