
خلیج اردو
دبئی: جدید ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک نیا سنگ میل عبور کرتے ہوئے امریکی کمپنی ٹینسر نے اپنی "ٹینسر روبوکار” متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جسے دنیا کی پہلی ذاتی ملکیت والی لیول 4 خودکار گاڑی قرار دیا گیا ہے۔ یہ انقلابی کار دبئی میں ہونے والے ورلڈ کانگریس فار سیلف ڈرائیونگ ٹرانسپورٹ میں 24 ستمبر کو پیش کی جائے گی۔
کمپنی کے مطابق روبوکار لیول 4 آٹونومی پر مبنی ہے، یعنی یہ مخصوص زونز میں بغیر ڈرائیور کی نگرانی کے مکمل طور پر خود چل سکتی ہے، تاہم ڈرائیور کسی بھی وقت گاڑی کو دستی طور پر کنٹرول کر سکتا ہے۔ خودکار اور دستی ڈرائیونگ کے درمیان ہموار تبدیلی اس کا اہم پہلو ہے۔
ٹینسر کی چیف مارکیٹنگ آفیسر ایمی لوکا نے اپنے بیان میں کہا، "ہم دبئی میں روبوکار لانے پر پرجوش ہیں، یہ محض ایک تصور نہیں بلکہ دنیا کی پہلی حقیقی ذاتی روبوکار ہے۔”
روبوکار ایک بڑے SUV جتنی جسامت رکھتی ہے، جس میں 124 انچ وہیل بیس، 217.5 انچ لمبائی، 78.3 انچ اونچائی اور 79.9 انچ چوڑائی شامل ہے۔ کمپنی کے مطابق اس کی کمرشل ڈلیوری 2026 کی دوسری ششماہی میں شروع ہوگی۔
محفوظ ڈرائیونگ کو یقینی بنانے کے لیے روبوکار میں 100 سے زائد سینسر نصب کیے گئے ہیں، جن میں 37 کیمرے، 5 لائیڈار اور 11 ریڈار شامل ہیں۔ یہ نظام سخت موسم، صحرا کی چمک، گردوغبار، رات، دھند اور بارش میں بھی مؤثر کارکردگی دکھا سکتا ہے۔ اس میں ڈوئل سسٹم AI موجود ہے جو انسانی دماغ کی طرح فوری ردعمل اور پیچیدہ فیصلے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
روبوکار میں دنیا کا پہلا فولڈنگ اسٹیئرنگ وہیل اور ریٹریکٹ ایبل پیڈلز بھی شامل ہیں، جو آٹونومس موڈ میں فولڈ ہو کر ڈرائیور کی سیٹ کو آرام دہ لاؤنج میں تبدیل کر دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس میں این ویڈیا کا سپر کمپیوٹر، سونی کے جدید آٹو موٹیو کیمرے، وِن فاسٹ کا مینوفیکچرنگ تعاون اور اوریکل کا کلاؤڈ انٹیگریشن شامل ہے، جبکہ دنیا کی پہلی روبوکار انشورنس پالیسی بھی متعارف کرائی گئی ہے۔







