خلیج اردو
دبئی: متحدہ عرب امارات میں بارش ایک نایاب موسمی کیفیت ہے، جہاں اکثر رہائشی بارش کی پیش گوئی ہوتے ہی ٹریفک میپس، متبادل راستوں اور دفتری اوقات میں تبدیلی کی منصوبہ بندی کرتے ہیں، تاہم اب کچھ شہریوں کے لیے بارش کے دن ایک مختلف معنی اختیار کر گئے ہیں، جو شہر کی ہلچل سے دور پرسکون ریزورٹس، فارم ہاؤسز اور ریٹریٹس میں مختصر قیام کا موقع بن رہے ہیں۔
بجائے اس کے کہ لوگ بارش میں شہر کے اندر سفر کی تیاری کریں، کچھ افراد اس موقع کو ذہنی سکون اور خود احتسابی کے لیے استعمال کر رہے ہیں، وہ مختصر بیگ پیک کرتے ہیں، موبائل نوٹیفکیشن بند کرتے ہیں اور خاموش، انڈور فرینڈلی مقامات کا انتخاب کرتے ہیں، جہاں مقصد عیش و عشرت نہیں بلکہ ذہنی ری سیٹ اور سکون حاصل کرنا ہوتا ہے۔
دبئی میں مقیم کاروباری شخصیت عبداللہ ایس کے مطابق بارش کی پیش گوئی اب ان کے لیے پریشانی نہیں بلکہ ایک موقع بن چکی ہے، ان کا کہنا ہے کہ ایسے وقت میں وہ سیر بنی یاس آئی لینڈ، فجیرہ یا صحرائی علاقوں میں موجود ریزورٹس کے بارے میں سوچنا شروع کر دیتے ہیں، جہاں خاموشی، سبزہ اور قدرتی ماحول انہیں کاروباری فیصلوں پر یکسوئی سے غور کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، اور یو اے ای میں بارش کو وہ ایک نعمت کے طور پر دیکھتے ہیں۔
کچھ رہائشی شمالی امارات کے پرسکون ریزورٹس کو ترجیح دیتے ہیں، دبئی میں مقیم سرمایہ کار سالم وائے کے مطابق جب فجیرہ یا شمالی ساحلی علاقوں میں بارش ہوتی ہے تو فضا یکسر بدل جاتی ہے، پہاڑ اور سمندر کا امتزاج، تازہ ہوا اور سست رفتار زندگی ذہنی سکون فراہم کرتی ہے، جہاں بارش کی آواز کے ساتھ دن گزارنا ایک مکمل ذہنی ری سیٹ بن جاتا ہے۔
اسی طرح خالد بارش کے دن دوستوں کو اپنے فارم ہاؤس پر مدعو کرنا پسند کرتے ہیں، جہاں مختلف امارات سے آنے والے دوست باربی کیو شیڈ کے نیچے بیٹھ کر چائے پیتے ہیں اور بارش کی آواز سے لطف اندوز ہوتے ہیں، ان کے مطابق اس ماحول میں کسی ایجنڈے کی ضرورت نہیں ہوتی اور یہی سادگی ایک الگ طرح کا سکون دیتی ہے۔
شارٹ اسٹے فراہم کرنے والے اداروں کے مطابق بارش کی پیش گوئی کے ساتھ ہی آخری وقت میں اسٹی کیشن بُکنگز میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آتا ہے، خاص طور پر بڑی رہائش گاہیں اور پرسکون ریزورٹ طرز کی پراپرٹیز زیادہ مقبول ہوتی ہیں۔ بی این بی ایمی ہالیڈے ہومز کی شریک بانی شلپا مہتانی کے مطابق بارش کے امکان پر بڑی اپارٹمنٹس اور ولاز کی بکنگ بڑھ جاتی ہے، جن میں آرام دہ انڈور اسپیس دستیاب ہو، اور زیادہ تر بکنگ خاندانوں، نوجوان پروفیشنلز اور اعلیٰ آمدنی والے افراد کی جانب سے ہوتی ہے جو طویل سفر کے بغیر مختصر وقفہ چاہتے ہیں۔
ان کے مطابق ایسے دنوں میں اِن ہاؤس شیف، مساج سروسز اور لیٹ چیک آؤٹ جیسی سہولیات زیادہ طلب میں ہوتی ہیں، جبکہ قیمتیں عموماً کم نہیں ہوتیں بلکہ شارٹ نوٹس ڈیمانڈ اور محدود دستیابی کے باعث بعض اوقات قدرے زیادہ ہو جاتی ہیں۔
ماہرینِ نفسیات کے مطابق یو اے ای میں بارش کو ایک نایاب اور قیمتی تجربہ سمجھا جاتا ہے، جو لوگوں کو فطری طور پر پرسکون اور غور و فکر کے ماحول کی طرف مائل کرتا ہے۔ میڈیکلینک سے وابستہ کلینیکل سائیکالوجسٹ ڈاکٹر لکشمی سرانیا کے مطابق بارش کی پیش گوئی خود انسانی رویے کو متاثر کرتی ہے، کیونکہ موسم کی توقعات یادداشتوں، جذباتی وابستگیوں اور ذہنی کیفیت کو بارش سے پہلے ہی بدل دیتی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ بارش لوگوں کو وہ اجازت فراہم کرتی ہے جو تیز رفتار شہروں میں خود کو آرام دینے کے لیے درکار ہوتی ہے، کیونکہ بارش ایک سماجی جواز بن جاتی ہے جس کے تحت لوگ بغیر کسی احساسِ جرم کے رفتار کم کر سکتے ہیں، منصوبے منسوخ کر سکتے ہیں اور خود پر توجہ دے سکتے ہیں، یوں خاموشی اور ٹھہراؤ کو نفسیاتی طور پر قبولیت مل جاتی ہے۔







