
خلیج اردو
وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر الیکٹرانک دستخط کر دیے ہیں جبکہ انہوں نے بطور ثالث اس معاہدے کی توثیق بھی کر دی ہے۔
وزیراعظم کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والا یہ معاہدہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا، جس کے تحت ایران آبنائے ہرمز دوبارہ کھولے گا جبکہ امریکا بحری ناکہ بندی ختم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کی مضبوط بنیاد ثابت ہوگا۔
شہباز شریف نے امن کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، ایرانی قیادت اور دونوں ممالک کی مذاکراتی ٹیموں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے صدر ٹرمپ کو دلی مبارکباد اور خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور سپریم لیڈر نے بھی امن کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی، قطر، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کی قیادت کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کردار بھی اس اہم پیش رفت میں نہایت مؤثر اور اہم ثابت ہوا۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وارسا میں فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون کے ساتھ عشائیے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایران امریکا مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے ہیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بھی معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جمعہ کو سوئٹزرلینڈ میں مجوزہ مذاکرات کے بارے میں فی الحال حتمی تصدیق نہیں کی جا سکتی۔ ان کے مطابق چند گھنٹے قبل تک یہ ملاقات طے شدہ تھی، تاہم امریکی اور ایرانی صدور کے درمیان معاہدے پر دستخط کے فیصلے کے بعد جمعہ کے اجلاس پر عارضی توقف کا فیصلہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ میں ملاقات ہوگی یا نہیں، اس بارے میں آئندہ چند گھنٹوں میں فیصلہ متوقع ہے، تاہم جنیوا میں مذاکراتی ٹیموں کی شرکت بدستور شیڈول کے مطابق برقرار ہے۔







