
خلیج اردو
امریکہ اور ایران کے درمیان ممکنہ امن معاہدے کے بعد متحدہ عرب امارات کی جاب مارکیٹ میں بہتری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جمعہ کو سوئٹزرلینڈ میں متوقع معاہدے اور آبنائے ہرمز کی ممکنہ بحالی کے اعلان نے خطے میں تجارتی اور سرمایہ کاری کے اعتماد کو بحال کرنے کے اشارے دیے ہیں۔
گزشتہ چند ماہ کے دوران کشیدگی کے باعث کاروباری اداروں نے اخراجات میں اضافہ، سپلائی چین میں رکاوٹ اور سیاحت میں کمی کے سبب نئی بھرتیوں میں احتیاط اختیار کی تھی۔
ماہرین کے مطابق اب صورتحال میں بہتری کے بعد کمپنیاں وہ بھرتی منصوبے دوبارہ شروع کر سکتی ہیں جو پہلے مؤخر کر دیے گئے تھے۔
رکروٹمنٹ ماہر نکّی ولسن کے مطابق مارکیٹ میں سرگرمی بڑھ رہی ہے، تاہم فوری طور پر بڑے پیمانے پر بھرتیوں کی بجائے مرحلہ وار ہائرنگ دیکھنے کو ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر لاجسٹکس، تعمیرات اور متعلقہ تجارتی شعبے سب سے پہلے بحالی دکھا سکتے ہیں، جبکہ صحت کا شعبہ پہلے ہی نسبتاً مستحکم رہا ہے۔
ٹیلنٹ ماہرین کے مطابق متحدہ عرب امارات میں صحت کے شعبے میں مزید تیزی آنے کا امکان ہے، خاص طور پر نئے ہیلتھ انشورنس نظام کے بعد۔
لاجسٹکس اور سپلائی چین کے شعبے بھی آبنائے ہرمز کی بحالی سے فوری طور پر فائدہ اٹھا سکتے ہیں، جس سے ملازمتوں کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ بحالی کا عمل فوری نہیں ہوگا، تاہم خطے میں استحکام سے روزگار کی مارکیٹ بتدریج بہتر ہوگی۔







