
خلیج اردو
کراچی:کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں نوجوان پر بہیمانہ تشدد کے کیس نے نیا رخ اختیار کرلیا، جب متاثرہ نوجوان نے عدالت میں بااثر ملزم سلمان فاروقی کو معاف کرنے کا اعلان کر دیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران نامزد ملزمان سلمان فاروقی اور اویس ہاشمی کو پیش کیا گیا۔
سماعت کے دوران نوجوان نے عدالت کو بتایا کہ وہ ملزم کو معاف کر چکا ہے، جس پر عدالت نے دونوں ملزمان کی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ سماعت کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
یہ واقعہ اس وقت منظر عام پر آیا تھا جب ڈیفنس کے ایک بازار میں معمولی تلخ کلامی پر نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ واقعے نے عوامی سطح پر شدید ردعمل کو جنم دیا تھا، تاہم اب معافی کے اعلان نے متاثرہ خاندان پر دباؤ اور ممکنہ مالی تصفیے کے خدشات کو مزید ہوا دے دی ہے۔







