
خلیج اردو
اسلام آباد:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ایک باضابطہ درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ وزیراعلیٰ کی جانب سے لاہور بار ایسوسی ایشن کو پانچ کروڑ روپے کا فنڈ جاری کرنا آئین، قانون اور عدالتی فیصلوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ کسی دوسرے صوبے کے بار ایسوسی ایشن کو فنڈ جاری کرنا نہ صرف قانونی اختیار سے تجاوز ہے بلکہ یہ اقدام سیاسی فوائد حاصل کرنے اور ممکنہ رشوت کے زمرے میں بھی آتا ہے۔
درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن وزیراعلیٰ کے اس اقدام کا نوٹس لے کر انہیں آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت نااہل قرار دے۔ معاملے پر قانونی ماہرین کی رائے بھی منقسم ہے، تاہم اس پیش رفت نے سیاسی حلقوں میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔






