
خلیج اردو
نیویارک:پاکستانی سفارتی مشن کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے نیویارک میں پاکستانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ "پانی ہماری ریڈ لائن ہے” اور بھارت کو سندھ طاس معاہدے پر اپنا غیر سنجیدہ اور جارحانہ موقف واپس لینا پڑے گا۔ انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ایک "شکست خوردہ شخص” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے بیانات میں سنجیدگی کا فقدان ہے۔
چینی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں بلاول بھٹو نے کہا کہ پاک بھارت جنگ بندی نازک نوعیت کی ہے اور اس میں کسی بھی وقت بگاڑ آ سکتا ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے واقعات کی تحقیقات کے لیے ایک مشترکہ فورم کے قیام کی تجویز دی جہاں دونوں ممالک اپنا موقف اور شواہد پیش کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پائیدار امن صرف سفارتکاری اور مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
بلاول بھٹو نے انکشاف کیا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کی تحقیقات کی پاکستانی پیشکش کو مسترد کر دیا، جب کہ حالیہ جنگ میں پاکستان کو فیصلہ کن برتری حاصل ہوئی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان نے 6 بھارتی جنگی طیارے مار گرائے، اور بھارت کو ان کے گرنے کا اعتراف کرنے میں ایک ماہ لگا۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گرد حملوں میں بھارتی مداخلت کی ایک طویل فہرست موجود ہے۔ بلاول نے عالمی برادری کو خبردار کیا کہ مسئلہ کشمیر جیسے حساس معاملے کو مزید نظر انداز کرنا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیرپا جنگ بندی کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل اور آبی معاہدوں کی پاسداری ناگزیر ہے۔







