متحدہ عرب امارات

13 ہزار فٹ کی بلندی پر تین بھارتی نژاد یو اے ای شہریوں نے بھارتی پرچم لہرا کر عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

خلیج اردو
لیبیا کے شہر بن غازی میں 13 ہزار فٹ کی بلندی پر تین بھارتی نژاد یو اے ای شہریوں نے اسکائی ڈائیونگ کے دوران فضا میں بھارتی پرچم لہرا کر گنیز ورلڈ ریکارڈ کا حصہ بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

جمشیر تھنالوٹ، ابھیشیک راوت اور ایشا راج 65 اسکائی ڈائیورز کے اس گروپ میں شامل تھے جس میں 38 ممالک کے شرکا نے حصہ لیا جبکہ دورانِ پرواز 35 مختلف قومی پرچم فضا میں لہرائے گئے۔

7 اگست کو ہونے والے اس منفرد ایونٹ میں شرکا نے طیارے سے چھلانگ لگانے کے بعد پیراشوٹ کھولا اور پھر اپنے قومی پرچم فضا میں بلند کیے۔

اس مہم کو خاص طور پر خطرناک قرار دیا گیا کیونکہ اسکائی ڈائیورز کو اپنے بڑے سائز کے پرچموں کو سنبھالنے کے ساتھ ساتھ انہیں پیراشوٹ کی رسیوں میں الجھنے سے بھی بچانا تھا۔

شرکا کو ایک دوسرے سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے مقررہ مقام پر لینڈنگ بھی کرنا تھی تاکہ گنیز ورلڈ ریکارڈ کے لیے ان کی کوشش کی تصدیق کی جا سکے۔

دبئی میں مقیم کاروباری شخصیت جمشیر تھنالوٹ نے بتایا کہ اس ریکارڈ کا حصہ بننا ان کے لیے باعثِ فخر ہے کیونکہ وہ دنیا بھر کے شرکا کے درمیان بھارت کی نمائندگی کر رہے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ حتمی چھلانگ سے قبل تمام شرکا کو تربیتی مراحل سے گزرنا پڑا اور کسی بھی مرحلے میں ناکامی کی صورت میں انہیں مقابلے سے باہر کیا جا سکتا تھا۔

جمشیر تھنالوٹ 2011 میں متحدہ عرب امارات آئے تھے اور ابتدا میں ایک سیلز مین کے طور پر 1200 درہم ماہانہ تنخواہ پر ملازمت کرتے تھے۔

بعد ازاں انہوں نے دبئی میں اپنی ای کامرس کمپنی قائم کی جبکہ گزشتہ چار برسوں کے دوران وہ 320 سے زیادہ اسکائی ڈائیونگ جمپس مکمل کر چکے ہیں۔

ابوظبی میں مقیم ابھیشیک راوت اور ایشا راج بھی اس عالمی ریکارڈ کا حصہ بنے۔ راوت ایک ٹیکنالوجی کمپنی میں پروڈکٹ ڈیزائن لیڈ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ ایشا راج ایک بین الاقوامی کمیونیکیشن کمپنی میں اکاؤنٹ ڈائریکٹر ہیں۔

گنیز ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے ثبوتوں کا جائزہ لینے کے بعد اس کامیابی کی تصدیق بھارت کے یومِ آزادی سے چند روز قبل کی گئی، جس کے بعد تینوں بھارتی نژاد یو اے ای شہریوں کی خوشی مزید بڑھ گئی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button