
خلیج اردو
ابوظبہی: ابوظبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید نے روم میں پوپ فرانسس کے جنازے میں متحدہ عرب امارات کے صدر کی جانب سے شرکت کی۔ جنازے میں دیگر اماراتی وزراء اور حکام بھی شریک ہوئے، جن میں وزیر رواداری و بقائے باہمی شیخ نہیان بن مبارک النہیان، ابوظبی ایگزیکٹو کونسل کے سیکرٹری جنرل سیف سعید غباش اور ابوظبی میڈیا آفس کی چیئرپرسن مریم عید المہیری شامل ہیں۔
جنازے کا آغاز سینٹ پیٹرز اسکوائر میں ہوا، جبکہ تدفین پیپل باسیلیکا آف سینٹ میری میجر میں کی گئی، جہاں دنیا بھر سے سربراہان مملکت، عالمی رہنما اور معززین موجود تھے۔ شیخ خالد نے ویٹیکن میں کارڈینل کیون فیرل اور کارڈینل جیووانی بٹیسٹا ری کو یو اے ای کے صدر کی جانب سے تعزیت پیش کی اور پوپ فرانسس کے انتقال پر کالج آف کارڈینلز، ہولی سی اور عالمی کیتھولک برادری سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
شیخ خالد نے مرحوم پوپ کو انسانی اخوت، ثقافتی بقائے باہمی اور بین المذاہب مکالمے کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی انسانیت پر مبنی میراث آئندہ نسلوں کو رواداری اور باہمی تفہیم کے اقدار کو اپنانے کی ترغیب دیتی رہے گی۔
پوپ فرانسس نے بین الثقافتی اور بین المذاہب مکالمے کو فروغ دینے میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ ان کا متحدہ عرب امارات کا تاریخی دورہ، جس کے دوران 4 فروری 2019 کو گرینڈ امام الازہر پروفیسر احمد الطیب کے ساتھ "انسانی اخوت کا دستاویز” دستخط کیا گیا، امن اور انسانی بقائے باہمی کے لیے عالمی منشور ثابت ہوا۔ بعد ازاں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 4 فروری کو "بین الاقوامی یوم انسانی اخوت” کے طور پر منانے کا اعلان کیا۔