
خلیج اردو
دبئی: دبئی پولیس نے دو طرفہ سڑک پر خطرناک اوورٹیکنگ کرنے پر ایک گاڑی کو 60 دن کے لیے ضبط کر لیا اور ڈرائیور پر بھاری جرمانے کے ساتھ متعدد بلیک پوائنٹس عائد کیے۔
تفصیلات کے مطابق ڈرائیور پر 600 درہم جرمانہ اور 6 بلیک پوائنٹس اس وجہ سے لگائے گئے کہ اس نے غلط طریقے سے اوورٹیک کیا۔ اس کے علاوہ 2 ہزار درہم جرمانہ اور 23 بلیک پوائنٹس اس لیے عائد کیے گئے کیونکہ وہ ایسی ڈرائیونگ کر رہا تھا جس سے نہ صرف اس کی اپنی زندگی بلکہ دوسروں کی زندگی اور سلامتی کو بھی شدید خطرہ لاحق ہوا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈرائیور دو طرفہ سڑک پر مخالف سمت کی لین استعمال کرتے ہوئے کئی گاڑیوں کو اوورٹیک کر رہا ہے، جو کہ نہایت خطرناک عمل ہے اور حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔
پولیس نے ڈرائیورز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ڈرائیونگ کے دوران مکمل توجہ رکھیں، غیر ضروری عجلت سے گریز کریں، آئینے چیک کریں اور لین تبدیل کرنے سے قبل سگنل کا استعمال لازمی کریں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔







