متحدہ عرب امارات

ملی بوبی براؤن اور جیک بون جیووی دبئی کے سیاحتی مہم میں جلوہ گر

خلیج اردو
دبئی: معروف اداکارہ اور نیٹ فلکس سیریز Stranger Things کی اسٹار ملی بوبی براؤن اپنے شوہر جیک بون جیووی کے ہمراہ دبئی کی نئی سیاحتی مہم "Find Your Story” میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔ یہ مہم دبئی کارپوریشن برائے سیاحت و تجارت (DCTCM) کی جانب سے متعارف کرائی گئی ہے۔

اس مختصر فلم کو آسکر ایوارڈ یافتہ مصنف و ہدایتکار آرمینڈو بو نے لکھا اور شریک ہدایت کاری کی، جبکہ فیلپے گومیز اپاریسیو نے بھی ہدایتکاری میں معاونت کی۔ فلم میں دونوں اداکار دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مختصر قیام کے دوران ایک جادوئی اسکرپٹ کے ذریعے شہر کی دلچسپ اور حیرت انگیز دنیا میں داخل ہوتے ہیں۔

فلم کے مناظر دبئی کی مختلف جگہوں پر عکس بند کیے گئے ہیں جن میں الفصیل کی پرکشش گلیاں، میوزیم آف دی فیوچر، برج خلیفہ اور القدرہ کا صحرا شامل ہیں۔ فلم کے اختتام پر ایک ایسا کلائمیکس دکھایا گیا ہے جو ناظرین کو اپنی کہانی خود دریافت کرنے کی دعوت دیتا ہے۔

ملی بوبی براؤن نے شوٹنگ کے دوران کہا:
"دبئی ایک عالمی شہر ہے، جو بیک وقت کئی جگہوں جیسا محسوس ہوتا ہے۔ برج خلیفہ کا تجربہ میری زندگی کی اہم یادوں میں شامل ہو گیا ہے۔”

جیک بون جیووی نے دبئی کے صحراؤں کو "ناقابلِ یقین” قرار دیتے ہوئے کہا:
"یہ سفر ہمارے لیے خاص رہا، اور یہاں ہم نے ناقابلِ فراموش یادیں بنائیں۔”

آرمینڈو بو نے اس مہم کو دبئی کے حسن کی حقیقی عکاسی قرار دیا۔

یہ سیاحتی مہم دنیا کے 21 ممالک میں بیک وقت متعارف کی جا رہی ہے، اور مختلف پلیٹ فارمز پر اسے نشر کیا جائے گا، جن میں سوشل میڈیا، آؤٹ ڈور اشتہارات اور اسٹریمنگ سروسز شامل ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button