
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے 9 مارچ کو ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے والے دو فوجی پائلٹس کے اعزاز میں منگل کو سرکاری فوجی جنازے کی تقریب منعقد کی۔
حادثے میں کیپٹن سعید راشد حمد البلوشی اور فرسٹ لیفٹیننٹ علی صالح اسماعیل التنیجی جان کی بازی ہار گئے تھے۔ حکام کے مطابق حادثہ فنی خرابی کے باعث پیش آیا جبکہ دونوں پائلٹس قومی فرائض انجام دے رہے تھے۔
ابوظہبی کے زاید ملٹری ہسپتال میں منعقدہ تقریب میں شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ وزارت دفاع کے اعلیٰ حکام اور فوجی افسران نے شرکت کی۔ وزارت دفاع نے اپنے بیان میں شہدا کے خاندانوں سے گہری تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
ادھر راس الخیمہ میں بھی فرسٹ لیفٹیننٹ علی صالح اسماعیل التنیجی کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ اس موقع پر شیخ سعود بن صقر القاسمی نے مسجد عبداللہ علی ابراہیم الاماش میں نماز جنازہ کی امامت کی اور شہدا کی قربانی کو قوم کے لیے قابلِ فخر قرار دیا۔
کیپٹن سعید البلوشی کی نماز جنازہ ظہر کی نماز کے بعد العین میں ادا کی گئی۔
متعدد ممالک بشمول سعودی عرب، بحرین اور عمان نے بھی اماراتی حکومت اور عوام سے تعزیت کا اظہار کیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق فوجی اعزاز کے ساتھ آخری رسومات اس بات کی علامت ہیں کہ ریاست اپنے دفاع میں جان قربان کرنے والوں کو ہمیشہ عزت اور احترام کے ساتھ یاد رکھتی ہے۔







