
خلیج اردو
فجیرہ: یہ ہر روز کا معمول نہیں کہ آپ کے گاڑی کے ٹائر بیتهووَن کی دھن بجائیں۔ لیکن فجیرہ کی خوبصورت پہاڑیوں کے درمیان واقع شیخ خلیفہ اسٹریٹ پر یہ خواب حقیقت بن چکا ہے، جہاں ایک مخصوص لین میں سفر کرنے پر گاڑیوں کے ٹائر بیتهووَن کی نائنتھ سمفنی کی دھن بجاتے ہیں۔
فجیرہ پولیس ہیڈکوارٹر کے قریب واقع اس تقریباً ایک کلومیٹر طویل "موسیقی بجاتی سڑک” کو خاص طور پر ایسے رمبل اسٹرپس سے تیار کیا گیا ہے جو گاڑی کے گزرنے پر ایک مقررہ رفتار کے ساتھ کلاسیکی دھن پیدا کرتے ہیں۔ اس منصوبے کو متحدہ عرب امارات اور عرب دنیا کا پہلا "موسیقیاتی سڑک منصوبہ” قرار دیا جا رہا ہے، جو فجیرہ فائن آرٹس اکیڈمی کی تخلیقی کوششوں کا حصہ ہے۔
یہ شاہراہ اب محض ایک تخلیقی تجربہ نہیں رہی بلکہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سیاحوں اور شہریوں کے لیے ایک باقاعدہ کشش بن چکی ہے۔
فجیرہ کے رہائشی عمر العبیادی کہتے ہیں، "میں ہفتے میں تین بار اس سڑک سے گزرتا ہوں، لیکن اتوار کو پہلی بار واپسی پر یہ دھن سنی۔ پہلے تو لگا شاید ٹائروں کی ہوا کم ہے، لیکن پھر دھن واضح اور متوازن ہو گئی۔ تب احساس ہوا کہ یہ اصلی موسیقی ہے۔”
اب وہ ہر بار اس سڑک پر آخری لین کا انتخاب کرتے ہیں اور رفتار کو 105 کلومیٹر فی گھنٹہ تک محدود رکھتے ہیں تاکہ موسیقی صاف سنائی دے۔ "ایسا لگتا ہے جیسے سڑک مجھے خوش آمدید کہہ رہی ہو،” عمر نے کہا۔
دبئی سے آنے والے امر کاظم نے بتایا، "میٹنگ کے لیے آ رہا تھا کہ اچانک گاڑی کے نیچے سے دھن سنائی دی۔ لگا جیسے کار پیانو بن گئی ہو۔” انہوں نے ہنستے ہوئے مزید کہا، "ہم شور و غل، ہارن اور ٹریفک کے عادی ہیں، یہاں سڑک نے ہی موسیقی بجانی شروع کر دی۔ لگتا ہے سڑک کہہ رہی ہو: ’ریلیکس، آپ اب فجیرہ میں ہیں‘۔”
نیدا امان نامی خاتون نے بتایا کہ انہوں نے شوہر اور بچوں کے ساتھ صرف اس سڑک کا تجربہ کرنے کے لیے دبئی سے سفر کیا۔ "میرے شوہر نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو دیکھی، ہم نے اسنیکس پیک کیے اور نکل پڑے۔ بچوں کو پہلے کچھ سمجھ نہیں آئی، وہ سمجھے کوئی مذاق ہے یا کار کا میوزک سسٹم خراب ہو گیا ہے۔ اب وہ اسے ’سنگنگ روڈ‘ کہتے ہیں۔”
موسیقی سننے کا بہترین طریقہ:
-
گاڑی کی رفتار 100 کلومیٹر فی گھنٹہ رکھیں تاکہ دھن واضح سنائی دے۔
-
دائیں جانب آخری لین کا انتخاب کریں جہاں رمبل اسٹرپس نصب ہیں۔
-
دائیں ٹائروں کو سفید رمبل اسٹرپس کے عین اوپر رکھیں۔
-
اسٹیئرنگ سیدھا رکھیں، معمولی انحراف بھی دھن کو بگاڑ سکتا ہے۔
-
ریڈیو بند کریں اور اگر ضروری ہو تو کھڑکیاں نیچے کریں تاکہ موسیقی واضح سنائی دے۔
ڈرائیونگ کے دوران حفاظتی ہدایات:
-
خود ویڈیو نہ بنائیں، فون مسافر کے حوالے کریں۔
-
اطراف میں موجود گاڑیوں کا خیال رکھیں۔
-
اچانک بریک لگانے سے گریز کریں۔
-
لین میں رہتے ہوئے ہی رمبل اسٹرپ پر چلیں۔
-
اگر کوئی دوسرا آگے ہے تو راستہ دیں، ہر کوئی موسیقی کے لیے نہیں آیا۔
فجیرہ فائن آرٹس اکیڈمی کے ڈائریکٹر، علی عبید الحفیطی نے تصدیق کی ہے کہ یہ منصوبہ مستقل ہے اور مزید مقامات پر بھی اس نوعیت کی سڑکیں متعارف کرائی جائیں گی، جن میں مقامی موسیقی پر مبنی دھنیں شامل ہوں گی۔
لہٰذا اگلی بار اگر آپ کا رخ فجیرہ کی طرف ہو، تو شیخ خلیفہ اسٹریٹ کا یہ خوبصورت اور نغماتی راستہ ضرور آزمائیں — دائیں لین میں آئیں، رفتار برقرار رکھیں، اور بیتهووَن کی دھنوں کے ساتھ سفر کا لطف اٹھائیں۔







