
خلیج اردو
راس الخیمہ: مرجان کے سی ای او عبداللہ العبدولی نے تصدیق کی ہے کہ وین انٹیگریٹڈ ریزورٹ مرجان آئی لینڈز پر منصوبہ بندی کے مطابق تعمیر ہو رہا ہے اور مارچ 2027 تک مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ "یہ منصوبہ متحدہ عرب امارات کے سب سے بڑے اور خطے کے سب سے زیادہ متوقع منصوبوں میں سے ایک ہے۔”
امریکا کی وین ریزورٹس، مرجان اور راس الخیمہ ہاسپیٹیلٹی ہولڈنگ کے اشتراک سے بننے والا یہ 70 منزلہ ریزورٹ اگست تک 61 ویں فلور تک تعمیر ہو چکا ہے۔ وین ریزورٹس کو 2024 میں یو اے ای کا پہلا کمرشل گیمنگ لائسنس دیا گیا تھا، جو مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں اپنی نوعیت کا پہلا انٹیگریٹڈ گیمِنگ ریزورٹ ہوگا۔
یہ 3.9 بلین ڈالر مالیت کا منصوبہ اپنی 60 ہیکٹر پر محیط مخصوص جزیرے پر بنایا جا رہا ہے جو خلیج عرب میں پھیلا ہوا ہے۔ ریزورٹ میں 1,542 کمرے، 22 سے زائد فوڈ اینڈ بیوریج لاؤنجز اور متنوع تفریحی سہولیات شامل ہوں گی۔
عبداللہ العبدولی کے مطابق یہ منصوبہ راس الخیمہ میں سیاحت کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا اور مقامی معیشت کو وسعت دے گا۔ انہوں نے کہا کہ "یہ صرف ریزورٹ تک محدود نہیں ہوگا بلکہ اس کے اردگرد رہائشی یونٹس، اپارٹمنٹس اور کاروباری سرگرمیاں بھی پروان چڑھیں گی۔ یہ راس الخیمہ کی معیشت کا لازمی حصہ بن جائے گا۔”
ہائرنگ کا عمل بھی جاری ہے اور ستمبر تک 78 اسامیاں خالی تھیں۔ اپریل میں وین نے 80 ملازمین بھرتی کیے تھے جبکہ سال کے اختتام تک یہ تعداد 300 تک پہنچنے کا ہدف ہے۔
وین ریزورٹس کے سی ای او کریگ بلنگز کے مطابق یو اے ای کا گیمنگ مارکیٹ مستقبل میں 5 ارب ڈالر تک پہنچ سکتا ہے۔ تاہم یہ ریزورٹ اپنی نان گیمنگ سہولیات کے باعث بھی بڑی کشش رکھتا ہے۔
حال ہی میں مرجان نے راس الخیمہ کے نئے بزنس ڈسٹرکٹ "آر اے کے سینٹرل” کی بنیادی انفراسٹرکچر تعمیر مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے، جہاں 2027 سے کاروباری سرگرمیوں کے آغاز کے ساتھ ساتھ رہائشی اور ہاسپیٹیلٹی منصوبے بھی متعارف کرائے جائیں گے۔ راس الخیمہ ٹورزم ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا ہدف ہے کہ 2030 تک 35 لاکھ سے زائد سیاحوں کو متوجہ کیا جائے۔
Wynn rises in UAE: Marjan CEO confirms 2027 launch for RAK gaming resort







