متحدہ عرب امارات

یو اے ای میں بنگلہ دیشی شہریوں پر ویزہ پابندی کی خبریں بے بنیاد ہیں، سفیر کی وضاحت

خلیج اردو
ابوظہبی: سوشل میڈیا اور بعض ویب سائٹس پر گردش کرنے والی خبروں کے برعکس متحدہ عرب امارات کی حکومت کی جانب سے بنگلہ دیشی شہریوں پر ویزہ پابندی سے متعلق کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔ یہ وضاحت یو اے ای میں بنگلہ دیش کے سفیر طارق احمد نے دی۔

انہوں نے بنگلہ دیشی چینل این ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ "یو اے ای حکام کی طرف سے ویزہ پابندی کے حوالے سے کوئی نئی ہدایات جاری نہیں ہوئیں، لہٰذا یہ خبریں درست نہیں ہیں۔”

چند آن لائن پلیٹ فارمز نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ یو اے ای نے کچھ ممالک کے شہریوں پر ویزہ پابندی عائد کر دی ہے جس کے تحت وہ نہ سیاحتی اور نہ ہی ورک ویزہ حاصل کر سکیں گے۔ تاہم اس خبر کو کسی بھی یو اے ای سرکاری اہلکار سے منسوب نہیں کیا گیا۔

گلوبل میڈیا انسائٹ کے مطابق یو اے ای میں تقریباً 8 لاکھ 40 ہزار بنگلہ دیشی مقیم ہیں، جو ملک کی کل آبادی کا 7.4 فیصد بنتے ہیں۔ وہ بھارتی اور پاکستانی شہریوں کے بعد تیسری بڑی غیر ملکی کمیونٹی ہیں۔

دبئی اور شمالی امارات میں تعینات بنگلہ دیشی قونصل جنرل محمد راشدالزماں کے مطابق اس وقت یو اے ای میں بنگلہ دیشی شہریوں کی تعداد تقریباً 10 لاکھ ہے۔

انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ بنگلہ دیشی یوم آزادی اور قومی دن کی تقریبات کے موقع پر یو اے ای حکومت کے ساتھ ویزہ امور میں نرمی کے لیے بات چیت جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "ہم چاہتے ہیں کہ بنگلہ دیشی شہری یو اے ای کی کامیابی کی کہانی کا حصہ بنیں۔”

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button