خلیج اردو: بھارتی ڈراموں کی معروف اداکارہ اور بگ باس 15 میں وائلڈ کارڈ انٹری کرنے والی دیوولینا بھٹا چارجی نے انکشاف کیا ہے کہ بچپن میں ٹیوشن پڑھانے والے ٹیچر نے ان کے ساتھ بدسلوکی کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ کی جانب سے حال ہی میں اپنی زندگی کے تلخ ترین وقت سے متعلق بتایا گیا۔
دیوولینا نے بتایا کہ بلاشبہ وہ ایک اچھے ٹیچر تھے، سارے ہی پڑھنے والے بچے ان کے پاس ٹیوشن کیلئے جاتے تھے، میری دو بیسٹ فرینڈز بھی ان کے پاس جایا کرتی تھیں، وہ بس ایک ہفتہ ہی ان کے پاس گئیں، پھر جانا بند کردیا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ بعدازاں ٹیوشن ٹیچر نے میرے ساتھ بدسلوکی کی، میں گھر آئی اور والدہ کو بتایا، پھر والدہ کے ہمراہ ٹیوشن ٹیچر کے گھر جاکر ان کی بیوی سے شکایت کی جب کہ ٹیوشن ٹیچر کے خلاف قانونی ایکشن لینا چاہتی تھی لیکن ایسا نہ کرسکی۔
انہوں نے کہا کہ شاید میری دوستوں کے ساتھ بھی انہوں نے ایسا ہی کیا ہوگا، دوستوں نے مجھ سے اس بات کا ذکر نہیں کیا، شاید انہوں نے سوچا ہوگا کہ لوگ کیا کہیں گے، یا باقی سب کیا کہیں گے، اسی لیے وہ پولیس کے پاس بھی نہیں گئیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میری فیملی کے خیالات بھی کچھ ایسے ہی تھے اسی لیے میں بھی پولیس کے پاس نہ جاسکی۔