
خلیج اردو
دبئی کی مشہور ٹویوٹا بلڈنگ کے انہدام کی تیاریاں جاری ہیں تاہم عمارت کی شناخت بننے والا معروف ٹویوٹا سائن ختم نہیں ہوگا۔ الفطیم ٹویوٹا نے اعلان کیا ہے کہ سائن کی میراث کو برقرار رکھنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے جس کی تفصیلات آئندہ ماہ سامنے لائی جائیں گی۔
شیخ زاید روڈ پر واقع نصیر راشد لوطہ بلڈنگ 1974 میں تعمیر ہوئی تھی اور 1981 میں اس کی چھت پر ٹویوٹا کا سرخ و سفید سائن نصب کیا گیا۔ وقت گزرنے کے ساتھ یہ عمارت دبئی کے شہریوں میں ٹویوٹا بلڈنگ کے نام سے مشہور ہوگئی۔
الفطیم ٹویوٹا کے مینیجنگ ڈائریکٹر جیک برینٹ کے مطابق عمارت کے اختتام پر افسوس ہے تاہم اس مقام کے مستقبل کے حوالے سے بھی پرجوش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹویوٹا سائن کی کہانی یہاں ختم نہیں ہوگی اور اس کی میراث کو آگے بڑھانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
انہوں نے دبئی کے شہریوں کے لیے ایک آخری سرپرائز کا بھی عندیہ دیا اور کہا کہ عمارت کے مکمل طور پر غائب ہونے سے پہلے ایسا کچھ ہوگا جسے سب اپنی آنکھوں سے دیکھ سکیں گے۔
ٹویوٹا کا سائن پہلی بار 1981 میں نصب کیا گیا تھا اور 2018 میں اشتہاری معاہدہ ختم ہونے کے بعد اسے ہٹا دیا گیا۔ عوامی مطالبے پر 2022 میں معروف سائن دوبارہ عمارت پر نصب کیا گیا۔
الفطیم ٹویوٹا کے مطابق جی پی ایس اور گوگل میپس سے پہلے ٹویوٹا بلڈنگ اور ورلڈ ٹریڈ سینٹر جیسے مقامات دبئی میں راستہ بتانے کے لیے اہم نشانات کے طور پر استعمال ہوتے تھے۔
ابھی یہ واضح نہیں کیا گیا کہ سائن کو کسی دوسری جگہ منتقل کیا جائے گا، دوبارہ نصب کیا جائے گا یا اسے تاریخی ورثے کے طور پر محفوظ رکھا جائے گا۔






