
خلیج اردو
افغان ڈپٹی وزیراعظم ملا عبدالغنی برادر کی جانب سے تاجروں کو پاکستان سے ادویات کی درآمد روکنے کی ہدایت کے چند روز بعد افغان وزیرِ صنعت و تجارت نورالدین عزیزی نئی دہلی پہنچے، جہاں انہوں نے انڈین فارماسیوٹیکل ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ کونسل کے حکام سے ملاقات کی۔ افغان وزارتِ تجارت کے مطابق ملاقات میں افغانستان کے لیے بھارتی ادویات کی برآمدات بڑھانے اور دواؤں کی فراہمی کے لیے جامع تعاون پر بات چیت ہوئی۔
اس دوران بھارتی وفد نے افغانستان میں مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں میں دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ افغانستان میں دواسازی کے کارخانے قائم کرنے کے لیے تیار ہیں۔ افغان وزارت کے بیان کے مطابق دونوں فریقین نے دوطرفہ تجارت کو مؤثر اور دیرپا بنیادوں پر مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔ اس پیش رفت کے بعد خطے میں ادویات کی سپلائی کے منظرنامے میں نئی تبدیلیوں کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔







