
خلیج اردو
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ اور یوکرین کے حوالے سے اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ سے کسی فلسطینی کو بےدخل نہیں کیا جائے گا۔ ان کے اس اعلان پر فلسطینی تنظیم حماس نے خیر مقدم کیا ہے۔
یوکرین جنگ پر بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ بندی کے حوالے سے مثبت پیغامات موصول ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس تجویز پر غور و خوض کے لیے امریکی وفد جلد روس روانہ ہوگا۔
امریکی صدر نے روس کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ماسکو نے جنگ جاری رکھی تو اسے سنگین مالی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی پہلے امن کے لیے تیار نہیں تھے، لیکن اب وہ جنگ بندی پر رضامند ہو چکے ہیں۔
بین الاقوامی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کے یہ بیانات خطے میں کشیدگی کم کرنے کی سنجیدہ کوششوں کی عکاسی کرتے ہیں، جبکہ ماہرین اسے عالمی امن کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔